پروفیسر میمونہ مرضی احمد کی جانب سے کمیونٹی کے اعزاز میں عیدملن کااہتمام
نائب سفیر حسن وزیر، عبد الشکور شیخ ،شاہد منظور اور ارشد مختار کے علاوہ کمیونٹی کی بڑی تعداد نے شرکت کی
ریاض(ذکاءاللہ محسن)معروف اسکالر پروفیسر میمونہ مرتضی احمد کی جانب سے کمیونٹی کے اعزاز میں عید ملن کا اہتمام کیا گیا جس میں نائب سفیر حسن وزیر، ویلفیئر اتاشی عبدالشکور شیخ، ملٹری اتاشی شاہد منظور اورگروپ کیپٹن ارشد مختار نے اپنے اہلخانہ کے ہمراہ شرکت کی جبکہ کمیونٹی کے دیگرسرکردہ افراد نے بھرپور شرکت کی۔ اس موقعہ پر میمونہ مرتضی احمد نے مہمانوں کو خوش آمدید کہتے ہوئے عید الفطر کی خوشیوں میں شرکت پر خوب سراہا اور کہا کہ عید پر آپس میں ملنے ملانے سے محبت، اخوت اور بھائی چارے کی فضا پیدا ہوتی ہے۔عید تو دوسروں کی دید کا نام ہے۔ اللہ نے اس خوبصورت تہوار میں بڑی اپنائیت رکھی ہے۔ ام ریاض ساجدہ چوہدری کا کہنا تھا کہ عید اپنوں کی خوشی کا دوسرا نام ہے۔ عید کا انتظار پورا سال رہتا ہے اور جب یہ دن آتا ہے تو ہر چہرہ خوشی سے دوبالا ہو جاتا ہے۔ ہمیں اللہ کے حضور سجدہ شکر بجا لانا چاہئے کہ اس نے ہمیں اپنی ہزاروں نعمتوں میں سے عید کی خوشیوں سے بھی نواز رکھا ہے۔معروف شاعرہ شہناز قریشی نے عید کے حوالے سے کہا کہ عید روٹھے ہوئے لوگوں کو آپس میں ملا دیتی ہے۔اس کی برکت سے اللہ کی رحمتیں اور برکتیں انسانوں پر نچھاور ہو رہی ہوتی ہیں۔چوہدری سجاد احمد کی جانب سے تمام مہمانوں کا شکریہ ادا کیا گیا۔ عید ملن پارٹی کے آخر میں مقامی گلوکاروں نے قومی نغمے اور عارفانہ کلام پیش کیا۔