اسلام آباد...وزیر اعظم نواز شریف اور وزیراعلی پنجاب شہباز شریف کے درمیان منگل کو اہم ملاقات ہوئی۔ جے آئی ٹی رپورٹ اور سیاسی صورتحال پرتبادلہ خیال کیا گیا ۔ذرائع کے مطابق دونوں رہنماوںنے اس بات پر اتفاق کیا کہ جے آئی ٹی رپورٹ میں لگائے جانے والے الزامات کا بھر پور طریقے سے دفاع کیا جائے گا۔ اس موقع پر نواز شریف نے کہا کہ کبھی کرپشن کی اور نہ اس کی حوصلہ افزائی کی۔ شفافیت ہمارا اصل ایجنڈا ہے جس سے مخالفین خوفزدہ ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ وہ ترقی کے پیچھے پڑ گئے اور چاہتے ہیں کہ ہمیں کسی بھی طرح اقتدار سے ہٹا دیں۔ انہوں نے کہا کہ ترقی کے سفر میں کوئی رکاوٹ برداشت نہیں کریں گے۔ اپنا کیس مضبوطی سے لڑیں گے۔ ایسے معاملات میں پہلے بھی سرخرو ہوئے، اب بھی ہونگے۔ مخالفین کی تمام سازشیں ناکام ہوں گی۔