قطیف میں متعدد حملوں میں ملوث 4دہشت گردوں کے سر قلم کردیئے گئے
پولیس اسٹیشن پر فائرنگ ،سیکیورٹی اہلکاروں پر حملوں اور دھماکے سمیت دہشت گردی کے کئی واقعات میں ملوث تھے
قطیف:سعودی وزارت داخلہ نے کہا ہے کہ قطیف میں دہشت گردی کے مختلف حملوں میں ملوث 4 مجرموں کے سر قلم کردیئے گئے۔ اعلامیہ میں تفصیلات دیتے ہوئے بتایا گیا کہ زاہر عبدالرحیم حسین البصری، یوسف علی المشیخص، مہدی محمد حسن الصایغ اور امجد ناجی حسن آل معیبد کو منگل کو موت کی سزا دی گئی۔ زاہر نے ریاست کے سربراہ اعلیٰ کیخلاف مسلح بغاوت کرتے ہوئے تاروت پولیس اسٹیشن پر مشین گن سے فائرنگ کی تھی۔ گشتی سیکیورٹی دستے کو بھی متعدد مرتبہ نشانہ بنایا تھا جبکہ تاروت پولیس اسٹیشن پر فائرنگ کرنے والے دہشت گردوں کو مسلح کارروائی کے دوران تحفظ فراہم کیا تھا۔ زاہر دہشت گردی کے دیگر حملوں میں بھی ملوث پایا گیا۔ عدالت نے المشیخص کو ریاست کے والی کیخلاف مسلح بغاوت ، مملکت میں امن وامان کو متزلزل کرنے اور دہشتگرد گروہ میں شمولیت اختیار کرکے فتنہ پھیلانے کا مجرم قرار دیا۔ الصایغ پر بدامنی پھیلانے، سیکیورٹی اہلکاروں پر حملے کرنے اور قطیف عدالت نیز سیکیورٹی اہلکاروں پر متعدد مرتبہ بم برسانے کے الزامات ثابت ہوئے۔ آل معیبد کو عدالت نے ریاست کے سربراہ کیخلاف مسلح بغاوت اور تاروت پولیس اسٹیشن پر فائرنگ کی منصوبہ بندی کرنے والے گروہ میں شامل ہوکر فتنہ پھیلانے ، مشین گن سے فائرنگ کی تربیت حاصل کرنے اور پولیس اسٹیشن کے قریب گیس سیلنڈر کے دھماکے کا مجرم قرار دیا۔