Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

تلنگانہ میں شجر کاری مہم ،وزراء نے بھی پودے لگائے

حیدرآباد (ابوحمید )تلنگانہ میں سرسبزی وشادابی میں بڑے پیمانہ پر اضافہ کیلئے تلنگانہ حکومت کے باوقار ہریتا ہارم پروگرام کے تیسرے مرحلہ کا آغاز وزیراعلیٰ کے چندرشیکھرراؤ نے ضلع کریم نگر میں کیا ۔ انہوںنے کریم نگر کے مانیرو ڈیم کے قریب اس پروگرام کے تحت پودا لگایا۔اس موقع پر ریاستی وزرا ای راجندراور جوگورامنا بھی ان کے ساتھ موجود تھے۔کریم نگر آمد پر وزیراعلیٰ کا مقامی عوامی نمائندوںنے شاندار استقبال کیا۔اس پروگرام کے پہلے 2مرحلوںکی کامیابی سے حوصلہ پاکر ریاستی حکومت نے اس پروگرام کے تیسرے مرحلہ کو بڑے پیمانہ پر منعقد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔حکومت اس پروگرام میں عوام کو شراکت دار بنانے کا ارادہ رکھتی ہے۔ہریتا ہارم کے 2کامیاب مرحلوں کے تجربہ کو دیکھتے ہوئے حکومت کا ماننا ہے کہ عوام اور مختلف گروپس کو شراکت دار بنانے سے ہی اس مرحلہ کی بڑے پیمانہ پر کامیابی ممکن ہے اور اسکے بہتر نتائج سامنے آسکتے ہیں۔کریم نگر ضلع کو مکمل سرسبز وشاداب بنانے کے اقدامات کئے جارہے ہیں۔ اس پروگرام کے دوسر ے مرحلہ میں لگائے گئے پودوں کی حالت بہتر ہے۔ یہ پودے شاہراہوں کے ساتھ ساتھ جنگلاتی علاقوں ، سرکاری و نجی اداروں کی اراضی پر لگائے گئے تھے ۔ حکومت نے ان کے تحفظ کی ذمہ داری کلکٹرس اور دیگر افسروں کے سپرد کی تھی اور وقتا فوقتا ان پودوں کے تحفظ کیلئے اقدامات کاجائزہ لیا جارہا ہے ۔کوتہ گوڑہ کے برڈ پارک میں بھی وزرا این نرسمہاریڈی اور کے ٹی راما راؤ نے اس پروگرام کا آغاز کیا ۔ اس موقع پرمیڈیا سے بات کرتے ہوے این نرسمہاریڈی نے کہا کہ حکومت بڑے پیمانہ پر سرسبزی وشادابی چاہتی ہے اسی لئے اس پروگرام کو بڑے پیمانہ پر شروع کیا گیا ہے اور آج اس کے تیسرے مرحلہ کا آغاز ہوا۔انہوںنے کہا کہ وزیراعلیٰ کی ہدایت پر آج سے ریاست بھر میںبڑے پیمانہ پر پودے لگائے جارہے ہیں ۔انہوںنے کہاکہ اس پروگرام میں ٹی آر ایس کے ارکان پارلیمنٹ ، ارکان اسمبلی ،ضلع پریشد صدورنشین اور تمام عوامی نمائندے حصہ لے رہے ہیں۔وزیر بلدی نظم ونسق کے ٹی راما راؤ نے بھی خطاب کرتے ہوئے کہاکہ عوام کی شراکت داری کے ساتھ اس پروگرام کو کامیاب بنانے کے مقصد سے ہی وزیراعلیٰ نے تحریک کے طورپر شروع کیا ہے۔انہوںنے کہا کہ کبھی حیدرآباد جنگلاتی علاقہ تھا اور اب اس کو کنکریٹ کے جنگل میںتبدیل کردیا گیا ہے ۔انہوںنے کہا کہ حیدرآباد اور تلنگانہ کے دوسرے شہروںمیں درختوں کی کمی کے سبب درجہ حرارت میں اضافہ ہورہا ہے اور گلوبل وارمنگ ہورہی ہے۔ نامناسب بارش درختوں میں کمی کے سبب ہورہی ہے۔انہوںنے کہاکہ اس سال گرما میں درجہ حرارت 48ڈگر ی تک جاپہنچا جس سے عوام کو مشکلات کا سامنا ہے۔پودوں سے ماحولیات کا تحفظ ممکن ۔پرندوں کا بھی تحفظ شجرکاری کے ذریعہ کیا جاسکتا ہے۔انہوںنے کہا کہ اس اچھے مقصد کے ساتھ اس پروگرام کا آغاز کیا گیا ہے۔دوسری طرف اس پروگرام میں تلنگانہ کے ڈی جی پی انوراگ شرما اور پولیس کے افسروںنے بھی حصہ لیا۔انوراگ شرما نے ضلع رنگاریڈی کے منچال پولیس اسٹیشن میں اس پروگرام کا آغاز کیا اور پودا لگایا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ڈی جی پی نے کہاکہ جنگلاتی علاقہ کم رہ گیا ہے ۔اس میں اضافہ کیلئے سرسبزی وشادابی کی مہم کی ضرورت تھی۔اسی کے پیش نظر وزیراعلیٰ کے چندرشیکھرراؤ نے بڑے پیمانہ پر اس پروگرام کا آغا ز کیا۔ ملک کی کسی بھی ریاست کے وزیراعلیٰ نے اتنے بڑے پیمانہ پر کبھی ایسی مہم یا پروگرام کا آغاز نہیں کیا۔

شیئر: