وجے واڑہ------آندھراپردیش کے وجئے واڑہ میں ڈرا دھمکا کر بڑے پیمانہ پر زیورات لوٹنے کی واردات پیش آئی۔تفصیلات کے مطابق تقریباً 15 لٹیرے جو ہندی میں با ت کر رہے تھے ، زیوارت کی تیاری کے یونٹ پہنچے اور تیز دھار ہتھیار اور بندوق سے وہاں کام کرنے والے ورکرس کو ڈرادھمکا کر تقریباً 7کیلو کے طلائی زیورات چھین لئے اور فرار ہوگئے ۔ مقامی افراد نے ان کا پیچھا کرنے کی کوشش کی تاہم تیز رفتاری کے ساتھ لٹیرے کار میں فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔ اس کار کا رجسٹریشن مہاراشٹرا کا ہے۔ سمجھا جاتا ہے کہ یہ کار بھی چوری کی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ بعد ازاں تاڑے پلی علاقہ میں پولیس کی تلاشی مہم کے دوران پولیس کو دیکھ کر لٹیروں نے واردات میں استعمال کار چھوڑ دی اور فرار ہوگئے ۔بنگال کا رہنے والا شنکر مُنا ،وجئے واڑہ کے گورنر پیٹ میں زیورات کی تیاری کا یونٹ چلایا کرتا ہے ۔ 3کمروں پر مشتمل اس یونٹ میں 30ورکرس کام کرتے ہیں۔تمام ورکرس بنگالی ہیں۔لٹیروں نے ورکرس کو ڈرادھمکاکر یہ واردات انجام دی ۔اطلاع ملتے ہی پولیس نے اس سلسلہ میں معاملہ درج کرلیا اور مقام واردات کا معائنہ کیا ۔پولیس نے اس واردات کی تفصیلات بھی حاصل کیں۔پولیس نے قریب میں لگے سی سی ٹی وی کیمروں کے فوٹیج کا بھی تجزیہ کیا۔