اسلام آباد...وزیراعظم نوازشریف نے کہا ہے کہ ہمارے کسی دورمیں کرپشن سمیت خورد برد کا کوئی کیس ہے تو بتایا جائے۔ استعفیٰ دینے کا سوچ بھی نہیں سکتا ۔ عوام کے لئے آخری حد تک لڑوں گا۔قوم بھی دیکھ رہی ہے بچے بچے کو پتہ چل رہا ہے ، میراضمیر صاف ہے ۔جمعہ کو پارلیمانی پارٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جے آئی ٹی رپورٹ میں ایک لفظ ایسا نہیں کہ نوازشریف کسی کرپشن میں ملوث ہے ۔ پاکستان میں کسی سیاستدان نے خودکو اس طرح احتساب کیلئے پیش نہیں کیا۔ کبھی اصولوں پر سودے بازی نہیں کی ۔کوئی این آراوسائن نہیں کیا۔مجھے بھی کہا گیا اس کاغذ پر دستخط کردو۔ کبھی عوام کے مینڈیٹ اورجمہوریت پرکمپرومائز نہیں کیا۔انہوں نے کہا کہ بے نظیرکے ساتھ میثاق جمہوریت پردستخط کر کے بہت اچھا لگا ۔ چند ہفتے بعد بے نظیرنے این آراو سائن کردیا جس پر بہت دکھ ہوا۔میری پرویز مشرف سے ملاقات کے لئے بہت کوششیں کی گئیں لیکن میں نے کہا اب اس نصب العین سے نہیں ہٹ سکتا۔انہوں نے کہا کہ اقتدار میں آنے کے ساتھ ملک اور ہمارے ساتھ کیا ہو رہا ہے۔ دھرنے کا کوئی جواز تھا؟ بڑے واقعات ہوئے جو میں بتا نہیں سکتا ۔ دوسرے دھرنے میں کیا ہوا ۔ اب یہ تیسرے دھرنے کی تیاری ہے۔ عوامی مینڈنٹ پر تیسرا وار ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا بعض مرتبہ دل کرتا ہے کہ سب کچھ کہہ دوں لیکن وقت ضرور آئے گا۔