جدہ ( ا سٹا ف رپورٹر) گزشتہ3 ماہ سے لاپتہ پاکستانی شہری محبوب احمدخان کی والدہ نے سفیر پاکستان سے اپیل کی ہے کہ اسکے ذہنی طور پرمعذور بیٹے کی تلاش میں مدد کریں ۔ گمشدہ محبوب احمد اپریل میں اپنی والدہ کے ہمراہ عمرہ کی ادائیگی کیلئے ارض مقدس آیا تھا جہاں وہ اپنی والدہ سے بچھڑ گیا ۔ محبوب احمد کے بارے میں صرف یہ معلوم ہو سکا ہے کہ وہ کسی بس میں سوار ہو کر تبوک چلا گیاجہاں اس کے ساتھ کیا واقعہ پیش آیا اور وہ کہاں گیا کسی کو معلوم نہیں ۔ محبوب احمد کی والدہ اپنے گمشدہ بیٹے کو تلاش کرتی رہی مگر وہ اسے نہ ملا ۔ عمرہ کمپنی کے ذمہ داروں نے محبوب احمد کی والدہ کو واپس پاکستان بھجوا دیا ۔ گمشدہ محبوب احمد کی غمزدہ والدہ نے پاکستان پہنچ کر کسی ذریعے سے اردونیوز سے رابطہ کرکے سفیر پاکستان سے اپیل کی ہے کہ اسکے بیٹے کی تلاش میں اس کی مدد کریں کیونکہ مملکت میں ان کا نہ کوئی واقف کار ہے اور نہ رشتہ دار ۔ اگر کسی کو محبوب احمد کی بارے میں کوئی علم ہو تو وہ اردونیوز سے رابطہ کر سکتا ہے ۔