واشنگٹن۔۔۔۔تازہ ترین رپورٹ میں ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ اگر دنیا میں ایٹمی جنگ چھڑی تو اس سے پورے کرہ ارض کی آب و ہوا تبدیل ہوجائیگی جبکہ قحط اور خشک سالی کے نتیجے میں اربوں افراد ہلاک ہوجائیں گے۔ رپورٹ میں اس بات ذکر کیا گیا کہ بڑی طاقتوںنے جو بم بنا کر رکھے ہوئے ہیں ان سے بھی ماحولیات میں تبدیلی آرہی ہے۔ اگر امریکہ نے 5ایٹم بم استعمال کرلئے تو اسکے نتیجے میں دنیا میں قحط پھیل جائیگا۔اگر چین نے صرف ایک ایٹمی میزائل استعمال کیا تو پورا نظام درہم برہم ہوجائیگا۔ ایٹمی حملے کے بعد جو راکھ اٹھے گی اس کے نتیجے میں دنیا بھر میں خشک سالی آئیگی اور قحط پڑجائیگا۔ایٹمی حملے کے مقام تک ہی اسکے اثرات مرتب نہیں ہونگے بلکہ دنیا بھر میں تباہی کا باعث بنے گا۔ایٹمی حملے کے بعد جو راکھ آسمان پر چھاجائیگی اس کے نتیجے میں درجہ حرارت گرجائیگا۔یونیورسٹی آف نبراسکا لنکن نے جو ریسرچ رپورٹ تیار کی ہے اس میں 5بڑی ایٹمی طاقتوں ، روس ،امریکہ ، چین ،برطانیہ اور فرانس کے بنائے گئے 19اقسام کے اسلحے کا جائزہ لیا گیا ہے۔اس رپورٹ کے اہم سائنسداں کا کہنا ہے کہ ہم ماضی کی سرد جنگ کو بھلاتے جارہے ہیں۔یہ بات یاد رکھنی چاہئے کہ اگر کسی ایٹمی تنازع میں امریکہ ملوث بھی نہ ہوتو ایٹمی حملے کا نہ صرف ہم پر بلکہ دنیا بھر میں لوگوں پر تباہ کن اثرات مرتب ہونگے۔