لکھنؤ- - - - - وزیراعظم مودی کے کچھ بیان پر کہ تحفظ گاؤ کے نام پر کسی انسان کا خون بہانے کی اجازت نہیں دی جائیگی اور جملہ ریاستوں کو چاہیے کہ جو لوگ گائے کی حفاظت کے نام پر تشدد برپا کررہے ہیں ان کیخلاف سخت کارروائی کی جائے۔ اس پر اپنا ردّ عمل ظاہر کرتے ہوئے یوپی کانگریس پارٹی کے ترجمان اکھلیش سنگھ نے کہا کہ وزیراعظم کا یہ بیان محض ایک ڈرامہ ہے کیونکہ اس قسم کا بیان وہ ماضی میں3 بار دے چکے ہیں لیکن گائے کی حفاظت کے نام پر بی جے پی آر ایس ایس اور ہندو یووا واہنی جیسی تنظیمیں برابر ایک خاص فرقے کی لوگوں کو نشانہ بنا رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس قانون پر کون عمل درآمد کرائے گا جبکہ بی جے پی کے ریاستوں میں ہی یہ واقعات اس کے والنٹئیر کر رہے ہیں جن کو ان ریاستوں کے وزرائے اعلیٰ خود تحفظ دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا وزیراعظم کا بیان نوراکشتی کے مصداق ہے جو مل جل کر کھیل کھیلا جارہا ہے۔