نیویارک ۔۔۔۔اقوام متحدہ میں متعین سعودی سفیر عبداللہ المعلمی نے واضح کیا ہے کہ اگر قطر نے عرب ممالک کے مطالبات پورے نہ کئے توانسداد دہشتگردی کے علمبردار ممالک عالمی اداروں کا رخ کرینگے۔ انہوں نے امارات کی جانب سے اقوام متحدہ کے صدر دفتر میں منعقدہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قطر کیلئے غیر ملکی اداروں کے چکر میں پڑنے سے بہتر ہوگا کہ عربوں کے مطالبات پورے کردے۔انہوں نے قطر کی جانب سے ناکہ بندی کا رونادھونا مچانے پر حیرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ قطر کی ناکہ بندی نہیں کی گئی ہے، وہ ناحق شور اور ہنگامہ برپا کرکے اس قسم کا تاثر دینے کی کوشش کررہا ہے۔ المعلمی نے بتایا کہ 4عرب ممالک کے سفراء نے اس ہفتے سلامتی کونسل کے غیر مستقل 10ممبر ممالک کے سفراء سے ملاقات کی اور اب وہ دائمی رکن ممالک کے سفراء سے ملاقات کی تیاری کررہے ہیں۔ انہیں قطر کے بائیکاٹ کے فیصلے کے اسباب سے آگاہ کیا جائے گا۔ انہوں نے توجہ دلائی کہ عرب ممالک کی آرزو ہے کہ انہیں قطری بحران کے حل کیلئے سلامتی کونسل کا سہارا نہ لینا پڑے۔