جدہ----گزشتہ ہفتے سعودی اسٹاک مارکیٹ میں مندی کا رحجان دیکھا گیا۔ تداول آل شیئر انڈیکس 52.29پوائنٹس کی کمی کے بعد 7261.13پوائنٹس پر اختتام پذیر ہوا۔ سارے اشارئیے منفی زون پر بند ہوئے۔ کاروباری مالیت 11فیصد گرنے کے بعد 13ارب ریال پر آگئی۔ سودوں اور حجم میں بالترتیب 1.83فیصد اور 23.5فیصد کی کمی نوٹ کی گئی۔ قیمتوں میں گراوٹ سے سرمایہ کاروں کو 10ارب ریال کا نقصان ہوا۔ سیکٹروں میں انرجی کو سب سے زیادہ نقصان ہوا جس میں شامل سعودی شپنگ کی قیمت 3.14فیصد کمی کے بعد 35.47ریال تک گر گئی جبکہ اسی سیکٹر میں شامل الدریس کی قیمت 0.85فیصد انحطاط کے بعد 24.50ریال پر بند ہوئی۔ میٹیریلز اور بینک سعودی اسٹاک مارکیٹ کے 2بڑے شعبے ہیں جن کا مجموعی انڈیکس میں وزن 30.72فیصد اور26.4فیصد ہے۔ دونوں ہی منفی زون پر بند ہوئے۔ میٹیریلز میں سب سے زیادہ نقصان الوجین کو ہوا جس کی قیمت 4.57فیصد کمی کے بعد 23.20ریال پر بند ہوئی مگر اسی سیکٹر میں شامل سعودی گلاس ایک ایسی کمپنی تھی جسکی قیمت 5.37فیصد اضافہ کے بعد 20.61ریال تک چلی گئی۔ بینکنگ سیکٹر میں سب سے زیادہ نقصان سعودی فرانسی بینک کو ہوا جس کی قیمت 6.14فیصد کمی کے بعد 30.39ریا ل پر بند ہوئی۔