جدہ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔گزشتہ ہفتے سعودی اسٹاک مارکیٹ میں بہتری دیکھی گئی۔ تداول آل شیئر انڈیکس 205پوائنٹس کے مدوجزر کے بعد 109.43پوائنٹس کے اضافے کے بعد 7313.42پوائنٹس پر اختتام پذیر ہوا۔ کاروباری مالیت میں تو 3.5فیصد کی کمی تو ضرور ہوئی مگر باقی سارے اشاریے مثبت زون پر بند ہوئے۔ پرائس انڈیکس میں 1.52فیصد کا اضافہ ہوا جبکہ سودوں اور حجم میں بالترتیب 6.4فیصد اور 16.7فیصد کا اضافہ دیکھا گیا۔ قیمتوں میں اضافے سے سرمایہ کاروں کو 23ارب ریال کا منافع ہوا۔ بینکنگ سیکٹر میں سعودی فرانسی بینک نے 10.5فیصد ڈیویڈنڈکا اعلان کیا۔ اس سے اس شیئر میں خریداری بڑھ گئی اور اس کی قیمت 11.15فیصد اضافے کے بعد 32.44ریال پر بند ہوئی۔ اسی سیکٹر میں الراجحی بینک نے 15فیصد کیش ڈیویڈنڈ تقسیم کرنے کا اعلان کیا۔ اس کے بعد اس میں سرمایہ کاری 1.4ارب ریال تک پہنچ گئی مگر چونکہ اس کی قیمت پہلے ہی بڑھ چکی تھی اس لئے اس ہفتے اس کی قیمت 1.9فیصد اضافہ کے بعد 66.19ریال پر بند ہوئی۔اسی سیکٹر میں سعودی برطانوی بینک کو بھی اہمیت ملی اور اس کی قیمت 10.51فیصد اضافے کے بعد 26.92ریال پر پہنچ گئی۔ ریٹیلنگ سیکٹر میں ایکسٹرا نے 7.5فیصد ڈیویڈنڈ کا اعلان کیا اور ا س کی قیمت 16.82فیصد کے زبردست اضافے کے بعد 38.41ریال پر پہنچ گئی۔ ھرفی فوڈ اور ساؤدھرن پراونس سیمنٹ کمپنی نے 10، 10فیصد ڈیویڈنڈ کے اعلانات کئے مگر ان کی قیمت میں بالترتیب 2.25فیصد اور 7.92فیصد کی کمی نوٹ کی گئی۔