لندن- - - - -- ہیئر اسٹائل کو نت نئی شکل دینے کا جنون دنیا بھر میں تیزی سے مقبول اور مشہور ہو رہا ہے مگر ان میں سے بعض اسٹائل اور بال کاٹنے اور تراشنے کے طور طریقے اتنے نرالے ہیں کہ جب تک انسان خود نہ دیکھے اسے یقین نہیں آتا ۔ جاری ہونیوالے ویڈیو ایک سیلون کی ہے جس میں ایک شخص بڑے اطمینان سے اپنی حجامت بنوا رہا ہے اور حجام چھینی اور ہتھوڑے سے کام کر رہا ہے ۔ اس کے ہاتھ میں نہ کوئی قینچی ہے اور نہ استرا ۔ اتنے خطرناک طریقے سے بال کاٹتے ہوئے حجام کو کوئی پریشانی نظر نہیں آرہی اور نہ ہی گاہک گھبراتا نظر آتا ہے ۔ ویڈیو میں یہ بھی دکھایا گیا ہے کہ بال کاٹتے وقت سیلون میں لگے ہوئے ٹیلیویژن کو دیکھ رہا ہے اور لوگوں سے باتیں بھی کرتا جا رہا ہے ۔ یعنی اسے اس بات کا ذرا بھی احساس نہیں کہ اس کی ذرا سے غلطی گاہک کو زخمی اور اسے پریشانیوں میں مبتلا کر سکتی ہے ۔ ویڈیو میں ناظرین سے یہ سوال بھی کیا گیا ہے کہ کیا وہ خود بھی اس طرح سے بال بنانا پسند کریں گے ۔ اب تک شاید ہی کسی نے اس کا مثبت جواب دیا ہے ۔ ویڈیو میں سنائی دینے والی بات چیت پرتگالی زبان میں ہے اس لئے قیاس اغلب یہی ہے کہ اسے پرتگال ہی میں کسی جگہ تیار کیا گیا ہے ۔ویڈیو کے اجراء کے بعد لوگوں نے اس پر تبصرے بھی کئے ہیں ۔ نارسیسو سالاس نامی ایک شخص نے کہا کہ اس نے ویڈیو دیکھی ہے مگر اسے اب تک یقین نہیں آرہا ہے کہ یہ کوئی اصلی ویڈیو ہے مگر دنیا میں نت نئی حماقتیں کرنیوالوں کی کوئی کمی نہیں ہے اس لئے ہو سکتا ہے کہ یہ ویڈیو درست ہو اور کسی حقیقی سیلون میں اسے تیار کیا گیا ہو اور حجام اور حجامت بنانے والا کوئی فوٹو سیشن نہ کر رہا ہو ۔