Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ارشد وارثی نے 25 برس بعد اپنی شادی ’رجسٹر‘ کیوں کروائی؟

ارشد وارثی اور ماریہ گوریٹی کی شادی 14 فروری 1999 کو ہوئی تھی (فائل فوٹو: اے ایف پی)
بالی وُڈ کے اداکار ارشد وارثی اور اُن کی اہلیہ ماریہ گوریٹی نے 25 برس بعد بالآخر اپنی شادی رجسٹر کروا لی ہے۔
’انڈیا ٹوڈے‘ کے مطابق اس ویلنٹائنز ڈے پر ارشد وارثی اور ماریہ گوریٹی اپنی شادی کی 25 ویں سالگرہ منائیں گے تاہم 25 برس قبل شادی کرنے کے باوجود اس جوڑے نے رواں سال تک اپنی شادی قانونی طور پر رجسٹر نہیں کروائی تھی۔
اسی سلسلے میں ارشد وارثی اور ماریہ گوریٹی نے رواں برس 23 جنوری کو اپنی شادی قانونی طور پر رجسٹر کروا لی ہے۔
شادی کو رجسٹر کروانے کے بارے میں بات کرتے ہوئے ارشد وارثی کہتے ہیں کہ ’ہمیں یہ خیال آتا رہتا تھا تاہم ہم نے کبھی نہیں سوچا کہ یہ کام اتنا اہم ہوگا لیکن پھر ہم نے سوچا کہ شادی کو رجسٹر کروانا جائیداد کے معاملات کے لیے بہت اہم ہے بلکہ زندگی کے بعد بھی یہ کام آتا ہے۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ ’ہم نے یہ کام قانون کے لیے کیا ہے تاہم بطور میاں بیوی اگر آپ ایک دوسرے سے وفادار ہیں تو میرے خیال سے یہ ہی بہت ہے۔‘
اس بارے میں ماریہ گوریٹی کہتی ہیں کہ ’ہم نے کورٹ میرج کی کیونکہ ہم کافی وقت سے یہ کرنا چاہتے تھے۔ ہم نے سپیشل میرج ایکٹ کے تحت شادی کی ہے۔ ہمارے بچے اس میں شامل نہیں ہو سکے کیونکہ ہم انہیں کورٹ میں نہیں لا سکتے تھے، وہاں صرف گواہان کو آنے کی اجازت تھی۔‘
خیال رہے ارشد وارثی اور ماریہ گوریٹی کی شادی 14 فروری 1999 کو ہوئی تھی۔
دوسری جانب ارشدی وارثی کے مداح انہیں 2024 میں ریلیز ہونے والی کامیڈی فلم ’ویلکم ٹو دی جنگل‘ میں دیکھ سکیں گے۔
اس فلم کی کاسٹ میں اکشے کمار، سنجے دت، ارشد وارثی، جیکولین فرنینڈس، دیشا پتانی اور سنیل شیٹھی شامل ہیں۔ 

شیئر: