Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

رمضان المبارک میں غزہ جنگ بندی کی امید ہے، فلسطین اتھارٹی

محمود عباس ترکیہ کے صدر طیب اردغان سے انقرہ میں ملاقات کریں گے۔ فائل فوٹو روئٹرز
فلسطینی اتھارٹی  کے وزیر خارجہ ریاض المالکی نے ہفتے کے روز امید ظاہر کی ہے کہ رمضان المبارک کے دوران غزہ میں جنگ بندی پر اتفاق ہو سکتا ہے۔
برطانوی نیوز ایجنسی روئٹرز کے مطابق غزہ میں ممکنہ جنگ بندی کے لیے اسرائیل اور حماس کے مابین ثالثوں کے ذریعے بات چیت جاری ہے جس کا مقصد رمضان المبارک  کے مقدس مہینے کے لیے لڑائی روکنا ہے۔
ترکی کے شہر اناطالیہ میں سفارتی فورم کے دوران نیوز کانفرنس میں ریاض المالکی نے کہا ’ہمیں امید ہے کہ رمضان المبارک سے پہلے ہی اسرائیل غزہ جنگ بندی میں کامیاب ہو جائیں گے۔‘
مصر کے سیکیورٹی ذرائع نے بتایا ہے کہ اتوار کو قاہرہ میں جنگ بندی کے لیے متحارب گروپوں میں مذاکرات دوبارہ شروع ہوں گے۔
حماس، جس نے 7 اکتوبر کو اسرائیل پر حملہ کر کے غزہ میں جنگ شروع کی، جس میں 1,200 افراد کو ہلاک اور 253 یرغمالیوں کو گرفتار کیا گیا۔
اسرائیل یرغمالیوں کی رہائی کے لیے اس جنگ میں صرف عارضی توقف پر راضی ہوگا اور حماس کے خاتمے تک  جنگ کا خاتمہ نہیں کرے گا۔
اسرائیل کے اعداد و شمار کے مطابق حماس نے 7 اکتوبر کو اسرائیل پر حملہ کر کے جنگ کا آغاز کیا اور اس لڑائی میں 1200 افراد ہلاک جب کہ 253 افراد کو یرغمال بنایا گیا۔

غزہ میں جنگ بندی کے لیے عالمی برادری سے مطالبہ کیا ہے۔ فائل فوٹو روئٹرز

فلسطینی محکمہ صحت کے حکام کے مطابق اسرائیل  نے غزہ کی پٹی پر حملے میں 30 ہزار سے زائد فلسطینیوں کو ہلاک کیا ہے۔
 فلسطین اتھارٹی کے وزیر خارجہ ریاض المالکی نے عالمی برادری سے غزہ میں جنگ بندی کے لیے مزید کوششیں کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
جنگ بندی کے بعد غزہ کی حکمرانی کے لیے  فلسطینی اتھارٹی کے کردار کے بارے میں پوچھے جانے پر المالکی نے کہا کہ یہ  اتھارٹی واحد قانونی حیثیت رکھتی ہے جو غزہ میں کام جاری رکھے گی اور یہی فلسطینی انتظامیہ ہے۔

غزہ جنگ  سے 71533 افراد کے زخمی ہونے کی اطلاع ہے۔ فائل فوٹو اے ایف پی

فلسطین اتھارٹی اسرائیل کے زیر قبضہ مغربی کنارے کے کچھ حصوں میں محدود حکمرانی کا حق رکھتا ہے جب کہ 2007 سے غزہ کی پٹی کا کنٹرول حماس کے عسکریت پسند گروپ کے پاس ہے۔
ریاض مالکی نے بتایا ہے  کہ فلسطین اتھارٹی  کے صدر محمود عباس منگل کو انقرہ کا دورہ کریں گے اور ترکیہ کے صدر طیب اردغان سے ملاقات کریں گے۔
حماس کے زیرانتظام غزہ میں وزارت صحت نے بتایا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹے میں فلسطینی علاقے میں جنگ کے  باعث مزید 92  ہلاکتوں کے بعد یہ تعداد 30320 تک پہنچ گئی ہے۔
وزارت صحت نے یہ بھی کہا کہ غزہ جنگ کے آغاز سے اب تک غزہ میں 71533 افراد کے زخمی ہونے کی اطلاع ہے۔

شیئر: