Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کویتی سفیر کی وزیراعظم سے ملاقات، ’تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کی خواہش‘

پاکستان میں تعینات کویت کے سفیر ناصر عبدالرحمان نے وزیراعظم شہباز شریف سے اسلام آباد میں ملاقات کی۔
منگل کو وزیراعظم آفس سے جاری ہونے والی پریس ریلیز کے مطابق ملاقات میں وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کویت کے ساتھ اپنے تاریخی اور گہرے تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے۔
 انہوں نے دوبارہ انتخاب پر کویت کے امیر شیخ مشعل الاحمد الجابر الصباح سمیت کویتی قیادت کا شکریہ ادا کیا۔ وزیراعظم نے تجارت اور سرمایہ کاری پر توجہ مرکوز کرتے ہوئے دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لیے ان کے ساتھ مل کر کام کرنے کی خواہش کا اظہار کیا۔ انہوں نے امیر کویت کو جلد از جلد پاکستان کا دورہ کرنے کی دعوت بھی دی۔
وزیر اعظم نے کہا کہ نومبر 2023 میں دونوں ممالک کے درمیان 10 ارب امریکی ڈالر مالیت کے سات معاہدوں پر دستخط کیے گئے جن میں غذائی تحفظ، ٹیکنالوجی، ہائیڈل پاور، کان کنی اور معدنیات، پانی کی فراہمی اور مینگروو کی بحالی سمیت دیگر شعبے شامل ہیں۔
شہباز شریف نے معاہدوں پر جلد عمل درآمد کو یقینی بنانے کے لیے دونوں طرف سے ٹھوس کوششوں پر زور دیا۔ انہوں نے خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل (ایس آئی ایف سی) کے کردار پر زور دیا جو پاکستان میں غیر ملکی سرمایہ کاری کو راغب کرنے کے لیے ایک مضبوط اور موثر طریقہ کار فراہم کرتی ہے۔
کویتی سفیر نے مشکل وقت میں کویت کی حمایت پر پاکستان کا شکریہ ادا کیا۔ سفیر نے 1990-91 کے بحران کے دوران کویت کی آزادی اور خودمختاری کے لیے بھرپور عوامی حمایت پر سابق وزیراعظم محمد نواز شریف کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔
انہوں نے کورونا وائرس کی وبا کے دوران کویت کے ساتھ پاکستان کی حمایت پر بھی شکریہ ادا کیا۔ کویتی سفیر نے پاکستان کے ساتھ قریبی تعلقات استوار کرنے کے لیے کویت کے مضبوط عزم کا اعادہ کیا۔

شیئر: