جدہ ، مدینہ منورہ( ارسلان ہاشمی ) حج سیزن کا آغاز ہو گیا ۔ پاک وہند کے علاوہ دیگر ممالک کے عازمین کی آمد شروع ہو گئی ۔ اسلام آباد سے پہلی حج پرواز مدینہ منورہ پہنچی جہاں عازمین کا استقبال ڈائریکٹر جنرل حج ڈاکٹر شاہدیوسفانی نے کیا ۔ دوسری جانب ہندوستان کے شہر گوا سے ائیر انڈیا کی پہلی پرواز318 عازمین کو لیکر منگل کی صبح مدینہ منورہ کے بین الاقوامی ہوائی اڈے پر پہنچی جن کے استقبال کیلئے سفیر ہند احمد جاوید ، قونصل جنرل نور رحمان شیخ اور قونصل حج شاہدعالم کے علاوہ دیگر اہم عہدیدار موجود تھے ۔ مدینہ منورہ کے علاوہ جدہ حج ٹرمنل پر بھی عازمین کی آمد شروع ہو گئی ۔ پاکستان سے آنے والی شاہین ائیر لائن کی پہلی پرواز پرائیوٹ ٹور آپریٹرز کے ذریعے آنے والے عازمین کی تعداد 325 تھی ان کا استقبال سول ایوی ایشن کے سربراہ عبدالحکیم بن محمد التمیمی نے کیا انکے ہمراہ دیگر عہدیدار بھی موجود تھے ۔ سول ایوی ایشن کے وفد نے عازمین حج کو ارض مقدس آمد پر خوش آمدید کہتے ہوئے نیک تمنائوں کا اظہار کیا ۔ عازمین حج کا کہنا تھا کہ انہیں یہاں آکر بے حد خوشی ہورہی ہے ۔ جدہ ائیر پورٹ کے ترجمان ترکی الذیب نے اردونیوز سے گفتگوکرتے ہوئے کہا کہ ائیر پورٹ پر حج آپریشن کا آغاز ہو چکا ہے ۔ سرکاری محکموں کے علاوہ نجی خدمات فراہم کرنے والے اداروں کی جانب سے بھی عازمین کی رہنمائی اور انہیں بہترین خدمات فراہم کرنے کیلئے کائونٹرز قائم کر دیئے گئے ہیں جہاں تمام درکار عملہ اور ساز و سامان فراہم کر دیا گیا ہے۔ حج ٹرمنل پر محکمہ پاسپورٹ کے 142 کاؤنٹرز قائم ہیں جہا ں عازمین حج کو ویزوں کی جانچ کرنے کے بعد انہیں مخصوص کمپیوٹر کوڈ فراہم کیا جاتا ہے ۔ حج ٹرمنل پر وزارت حج کے 120 کاونٹر زبنائے گئے ہیں جہاں وزارت کا عملہ مستقل موجود رہتا ہے تاکہ ضیوف الرحمان کو ہر طرح کی سہولت فراہم کی جائے ۔ حج ٹرمنل پر محکمہ کسٹم کے 16 لائونج ہیں جبکہ مسافروں کے سامان لانے کیلئے10 کنویئربیلٹس نصب ہیں ۔ بسوں کیلئے 90 اسٹینڈ ہیں ۔ جدہ حج ٹرمنل پر فی گھنٹہ 3800 عازمین کی آمد کی گنجائش ہے ۔ پاکستان سے آنے والے عازمین کا کہنا تھا کہ ارض مقدس پہنچ کر بے انتہاء خوشی ہو رہی ہے ۔