ریاض۔۔۔۔مشرق وسطیٰ کے امور میں دلچسپی لینے والی امریکی ویب سائٹ فارن پالیسی پر واضح کیا گیا ہے کہ سعودی عرب انتہا پسندوں کو لگام لگانے اور دہشتگرد حملوں کو ناکام بنانے کے سلسلے میں پے درپے کامیابی حاصل کرتا چلا جارہا ہے۔ سعودی عرب دہشتگرد تنظیموں کی مالی اعانت بند کرانے میں عالمی ایجنسیوں اور امریکہ کے ساتھ بھرپور تعاون کررہا ہے۔ مذکورہ ویب سائٹ نے توجہ دلائی کہ سعودی عرب نے حالیہ برسوں کے دوران دہشتگردی کے خلاف جنگ میں اپنا کردار بڑھا دیا ہے۔ امریکہ کے ساتھ انسداد دہشتگردی کیلئے مضبوط تعلق استوار کیا ہے ، مملکت کے اندر اور باہر سعودیوں اور امریکی شہریوں کی سلامتی کویقینی بنانے کیلئے دوطرفہ تعاون میں بھی اضافہ کیا ہے۔ امریکہ اور حلیف ممالک کی سرکاری رپورٹوں میں اعتراف کیا جارہا ہے کہ انسداد دہشتگردی جدوجہد میںسعودی عرب یورپی و عرب ممالک پر بھی آگے ہے۔