نئی دہلی۔۔۔۔وزیر اعلیٰ بہار نتیش کمار نے بی جے پی کے ساتھ مل کر جو حکومت قائم کی ہے اس کے نتیجے میں کانگریس تنہا پڑگئی ہے اور اس کا مطلب یہ ہے کہ وہ تیزی سے تنزلی کی طرف جارہی ہے۔ کانگریس کے رہنما رات گئے تک جنتا دل یو اور آر جے ڈی کے درمیان اتحاد کو بچانے کی کوشش کرتے رہے تھے اور انہیں امید تھی کہ 2019کے عام انتخابات میں کامیابی حاصل کرینگے۔ بدھ کی شام تک نتیش نے اپنا استعفیٰ دینے سے پہلے نہ تو کانگریس کی صدر سونیا گاندھی اور نہ ہی نائب صدر راہول گاندھی سے بات چیت کی ۔انہوں نے صرف پارٹی کے جنرل سیکریٹری کو اپنے فیصلے سے آگاہ کیا تھا ۔راہول گاندھی نے ایک انٹرویو میں کہا کہ نتیش جی کو فرقہ وارانہ لڑائی کے خلاف مینڈیٹ دیا گیا تھا لیکن اب انہوں نے اپنی ذاتی سیاست کیلئے انہی لوگوں سے ہاتھ ملا لیا۔انہوں نے عوامی مینڈیٹ کی توہین کی۔