Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

بہارکا سیاسی کھیل جمہوریت کیلئے بدشگون ہے ، مایاوتی

لکھنؤ-----بہوجن سماج وادی پارٹی کی صدر مایاوتی نے بہار میں ہوئی سیاسی ہلچل اور تبدیلی کو ملک کی جمہوریت کیلئے فالِ بد بتایا۔ ایک پریس ریلیز جاری کر کے مایاوتی نے کہا کہ بہار اور اس سے پہلے دیگر ریاستوں میں جو کبھی بھی سیاسی واقعات آئے دن ہو رہے ہیں، یہ سب ملک کی جمہوریت کیلئے اچھا اشارہ نہیں ۔مایاوتی نے کہا کہ اس سے ملک کی جمہوریت مضبوط ہونے کے بجائے کمزورہوگی۔ انہوں نے کہا کہ اب ملک کے عوام کو ہی آگے آکر اسے کمزور ہونے سے بچانا ہوگا۔ اگر عوام نے ایسا نہیں کیا تو اس کا سب سے بڑا نقصان عوام کا ہی ہوگا، نہ کہ سیاسی جماعتوں اور ان کے رہنماؤں کو۔بی جے پی پر حملہ کرتے ہوئے مایاوتی نے اُس کے رہنماؤں پر اقتدار کیلئے سرکاری مشینری کے غلط استعمال کا بھی الزام لگایا۔ انہوں نے کہا کہ منی پور اور گوا کے بعد بہار میں جو کچھ بھی ہوا وہ اس بات کا ثبوت ہے کہ مودی حکومت میں جمہوریت کا مستقبل خطرے میں ہے۔مایاوتی نے کہا کہ نتیش کمار نے مہاگٹھ بندھن سے ناطہ توڑ بی جے پی سے مل کر حکومت بنا کر صحیح نہیں کیا۔ بہار کے عوام نے بی جے پی اور وزیر اعظم نریندر مودی کی لہر کو مسترد کرتے ہوئے سیکولر طاقتوں کوزبردست اکثریت دیا تھا اور اس اکثریت کا 5 سال تک احترام ہونا چاہیے تھا۔

شیئر: