سعودی عرب میں 370 سرکاری اہلکاروں سے بدعنوانی کے الزام میں تفتیش
ان پر رشوت لینے اور عہدے کا ناجائز استعمال کرنے کا الزام ہے (فوٹو: اخبار 24)
سعودی عرب میں محکمہ انسداد بدعنوانی نے مختلف سرکاری اداروں کے 370 اہلکاروں کو تفتیش کے لیے حراست میں لیا جن میں سے 239 کو ضمانت پررہا کردیا گیا۔
اخبار 24 کے مطابق ادارے کی ٹیموں نے 131 ملزمان کو تحقیقاتی ریمانڈ پر حراستی مرکز میں بھیج دیا گیا جہاں ان سے مزید تحقیقات کی جائیں گی۔
ادارہ انسداد بدعنوانی کے ذمہ دار کا مزید کہنا تھا’ گزشتہ ماہ ادارے کی ٹیموں نے مملکت کے مختلف علاقوں میں 3466 دورے کیے تاکہ مختلف نوعیت کی بدعنوانی میں ملوث اہلکاروں کے خلاف تفتیش کی جائے۔‘
بدعنوانی کے الزام میں جن افراد کو حراست میں لیا گیا ان میں وزارت داخلہ، دفاع، نیشنل گارڈ، صحت، تعلیم اور وزارت بلدیات و ہاوسنگ کے علاوہ زکوۃ و کسٹم اتھارٹی اور پورٹ کے ملازمین شامل ہیں۔ ان پر رشوت لینے اور عہدے کا ناجائز استعمال کرنے کا الزام ہے۔
