آل سعودی عرب ہاکی ٹورنامنٹ کا انعقاد آئندہ ماہ جدہ میں کیا جائےگا
جدہ(ندیم آغا) سعودی عرب کے ساحلی شہر دمام میں پاکستان کے ہاکی لورز کی جانب سے ایک ہاکی فیسٹیول منعقد اہوا جس میں العرب ہاکی کلب دمام اور بابائے ہاکی دمام شاہد فضل اعوان نے اس فیسٹیول کو شاندار طریقے سے آرگنائز کیا ۔ اس میں الریاض ، الجبیل ، الدمام اور الخبر سے آئی ہوئی ہاکی کی ٹیموں نے حصہ لیا ۔جدہ سے ریان ہاکی کلب کے منیجر ریحان یونس چوہدری اور کپتان ثاقب بٹ نے بھی شاہد اعوان کی خصوصی دعوت پر اس ہاکی فیسٹیول میں شرکت کی۔ شاہد اعوان کا کہنا تھا کہ اس ہاکی فیسٹیول کا مقصد سعودی عرب میںفٹبال اور کرکٹ کے بعد ہاکی کے کھیل کو فروغ دینا ہے۔ ٹورنامنٹ کے اختتام پر کھلاڑیوں میں نقد انعامی رقوم اور ٹرافیوں کی صورت میں انعامات بھی تقسیم کئے گئے۔ بابائے ہاکی نے کہا کہ اس ٹورنامنٹ کے کامیاب انعقاد کی وجہ سے کھلاڑیوں اور ٹیموں کی بہت حوصلہ افزائی ہوئی ہے۔ آئندہ بھی ہم اس طرح کے ہاکی ٹورنامنٹ کراتے رہینگے۔ یاد رہے کہ اگست کے مہینے میں آل سعودی عرب ہاکی ٹورنامنٹ کا انعقاد جدہ میں کیا جا رہا ہے۔ جس کا آغاز 11 اگست 2017 ءسے ہو گا۔ اس ٹورنامنٹ میں بھی شاہد اعوان کی زیر سرپرستی العرب دمام ہاکی کلب شرکت کرے گا اور جدہ میں ہاکی کے کھیل کو فروغ دینے میں مدد ملے گی اور اس کھیل کے چاہنے والوں کو اچھی تفریح مہیا ہو گی۔