شندور:گلگت بلتستان میں دنیا کے بلند پولو گراونڈ میں 3 روزہ شندور پولو فیسٹیول اختتام کو پہنچ گیا۔ ملکی و غیرملکی سیاحوں کی بڑی تعداد نے اس فیسٹیول سے بھرپور لطف اٹھایا۔29 جولائی سے شروع ہونے والے شندور پولو فیسٹیول کی سیکیورٹی کے لئے خصوصی انتظامات کئے گئے تھے۔ چترال اور غذر کے راستے شندور میں داخل ہونے والے شائقین کو سخت چیکنگ کے بعد داخلے کی اجازت دی جاتی رہی ۔ غیر ملکی سیاحوں کے لئے پولو میچ دیکھنے کے ساتھ دیگر تفریحی سرگرمیوں کا بھی انتظام کیا گیا تھا۔ 12 ہزار 600 فٹ کی بلندی پر واقع دنیا کے بلند ترین پولو گراونڈ کے آس پاس ہزاروں خیمے لگائے گئے اور شندور کا یہ علاقہ خیموں کے شہر کا منظر پیش کر رہا تھا۔ شندور کی وادی چاروں جانب اونچے پہاڑوں اور جھیلوں کی وجہ سے انتہائی دلکش سیاحتی مقام ہے جہاں 1936ء سے باقاعدگی کے ساتھ ہر سال فیسٹیول منعقد کیا جاتا ہے۔