القریات۔۔۔۔وزارت تعلیم نے واضح کیا ہے کہ امسال سعودی جامعات میں کسی بھی غیر ملکی طالب علم کوداخلہ نہیں دیا گیا۔ ابھی تک غیر ملکی طلبہ کیلئے داخلے کی حد بھی متعین نہیں کی گئی۔ داخلے کی کارروائی جاری ہے۔وزارت کے ترجمان مبارک العصیمی نے ٹویٹر کے اکاؤنٹ پرواضح کیا کہ سعودی جامعات میں غیر ملکی طلبہ کو داخلہ دیئے جانے کی خبریں درست نہیں۔ سعودی جامعات میں ایڈمیشن گیٹ کے ذریعے صرف سعودی طلبہ یا سعودی ماؤں کی غیر ملکی اولاد کو داخلے دیئے جاتے ہیں۔ جہاں تک غیر ملکی طلبہ کا تعلق ہے تو ان کے ایڈمیشن کیلئے خصوصی گیٹ قائم ہے جس پر موصول ہونے والی درخواستوں کو مقررہ اصولوں کے مطابق نمٹایا جاتا ہے۔ وزارت نے ہر یونیورسٹی میں ہر قومیت کے طلبہ کی شرح مقرر کررکھی ہے ۔ کسی بھی یونیورسٹی میں زیر تعلیم سعودی طلبہ سے غیر ملکی طلبہ کی تعداد 5فیصد سے زیادہ نہیں ہوسکتی۔