واشنگٹن .... قطری بحران حل کرانے کیلئے 2امریکی ایلچی خلیج کے دورے پر کویت پہنچ گئے۔ کویت ، قطری بحران کے حل کا معتبر ثالث مانا جارہا ہے۔ اس موقع پر مبصرین نے سوال اٹھایا ہے کہ کیا دنیا کے بیشتر سیاستدانوں کے ناکام ہوجانے کے بعد امریکی ایلچی قطری بحران حل کرانے میں کامیابی حاصل کرسکیں گے؟ کویت کے نائب وزیر خارجہ خالد الجار اللہ سے امریکہ کے ریٹائرڈ جنرل انتونی زینی اور نائب معاون وزیر خارجہ برائے مشرق امور ٹم لینڈر کنگ نے ملاقات کرکے قطری بحران کے حل کے طور طریقوں پر تبادلہ خیال کیا۔ امریکہ کے دونوں عہدیداروں نے واضح کیاکہ ان کا ملک قطری بحران حل کرانے کیلئے جاری کویتی مشن کو کامیابی سے ہمکنار کرنے کیلئے کوشش جاری رکھے گا۔ امریکی دفتر خارجہ کا کہناہے کہ امریکی ایلچی کویت کے بعد سعودی عرب، وہاں سے قطر پھر بحرین ، اس کے بعد سلطنت عمان اس کے بعد ابوظبی اور آخر میں قاہرہ جائیں گے۔