اردن میں ’حج زیارت‘ کیس میں تین ملزمان دو برس قید کی سزا
وزٹ ویزوں پر لوگوں کو دھوکا دیتے ہوئے حج کرانے کا وعدہ کیا گیا ( فائل فوٹو)
اردن میں ابتدائی سماعت کی فوجداری عدالت نے’حج زیارت‘ کیس میں تین ملزمان کو قصور وار قرار دیتے ہوئے دو برس کی سزا کا حکم سنایا جبکہ ایک کو بری کردیا۔
سبق نیوز نے ذرائع ابلاغ کے حوالے سے بتایا گزشتہ برس حج کے دوران تقریبا 99 اردنی عازمین کی موت واقع ہوگئی تھی۔ یہ تمام افراد حج ویزے پر نہیں آئے تھے۔
اردنی عدالت میں ان ٹورآپریٹرز کے خلاف مقدمات قائم کیے گئے جنہوں نے وزٹ ویزوں پر لوگوں کو دھوکا دیتے ہوئے حج کرانے کا وعدہ کیا اور مشاعر میں لے جاکر چھوڑدیا جس کی وجہ سے وہ شدید گرمی کے باعث انتقال کرگئے۔
اردنی پراسیکیوشن نے قبل ازیں اپنی تحقیقات میں تین ٹورآپریٹرنگ کمپنیوں کے خلاف عدالت کو سفارشات پیش کی تھیں جن میں کہا گیا تھا کہ یہ کمپنیاں انسانی سمگلنگ میں ملوث ہیں جنہوں نے لوگوں کو حج کرانے کا کہہ کر ان کے ساتھ جعل سازی کی اور حج آپریٹرز و حج ویزے کے بغیر انہیں مملکت بھیج دیا تھا۔