یورپی یونین شام پر عائد کچھ پابندیاں جلد ہٹا سکتی ہے: فرانس
بشار الاسد حکومت کے خاتمے کے بعد امریکہ نے شام پر کچھ پابندیاں عارضی طور ہٹائی تھی۔ (فوٹو: روئٹرز)
فرانس کے وزیرخارجہ کا کہنا ہے کہ شام پر یورپی یونین کی ایسی پابندیوں، جو انسانی امداد کی فراہمی اور ملک کی بحالی میں حائل ہو، کو فوری طور پر اٹھائی جاسکتی ہے۔
برطانوی خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق امریکہ نے پیر کو شام کی حکومتی اداروں کے ساتھ ٹرانزیکشنز پر عائد پابندیاں چھ مہینے کے لیے آٹھائی۔ بشار الاسد حکومت کے خاتمے کے بعد امریکہ کا یہ اقدام شام میں انسانی امداد کی فراہمی میں مدد کے لیے اٹھایا گیا ہے۔
فرانس کے انٹر ریڈیو سے بات کرتے ہوئے فرانسیسی وزیر خارجہ جین نویل بیراٹ کا کہنا تھا کہ یورپی یونین بھی امریکہ کی طرح کا اقدام اٹھا سکتا ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ شام پر سیاسی پابندیوں کو اٹھانے کا دارومدار اس بات پر ہوگا کہ نئی قیادت انتقال اقتدار اور سب کی شمولیت کو کیسے یقینی بناتی ہے۔
جین نویل بیراٹ، جنہوں نے جرمن وزیرخارجہ کے ساتھ گذشتہ جمعے کو شام کے نئے رہنما احمد الشرق سے ملاقت کی تھی، نے کہا کہ ’کچھ ایسی پابندیاں ہیں جو کہ آج انسانی امداد تک رسائی میں رکاوٹ بنتے ہیں اور ملک کی بحالی میں حائل ہوتے ہیں۔ اس طرح کی پابندیاں فوری ہٹائی جاسکتی ہے۔‘
’آخر میں کچھ ایسی پابندیاں ہیں، جن کے حوالے سے ہم اپنے یورپی شراکت داروں کے ساتھ بات کر رہے ہیں، جن کو ہٹائی جاسکتی ہیں۔ تاہم اس کا دارومدار اس پر ہوگا کہ شام میں سکیورٹی اور خواتین کے حوالے سے ہماری توقعات پر کتنی تیزی سے عمل ہوتا ہے۔‘
تین یورپی سفارتکاروں نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر اے ایف پی کو بتایا کہ یورپی یونین برسل میں یونین کے وزرائے خارجہ کے 27 جنوری کو ہونے والے اجلاس تک کچھ پابندیاں ہٹانے پر اتفاق پیدا کرنے کی کوشش کرے گی۔
ان میں سے دو سفاتکاروں کا کہنا تھا کہ پابندیاں ہٹانے کا مقصد مالیاتی ٹرانزیکشن کی سہولت کاری کرنا ہے تاکہ فنڈ ملک میں آسکے۔ ہوائی سفر کو آسان بنانا اور توانائی کے شعبے پر عائد پابندیوں کو کم کرنا ہے تاکہ ملک میں بجلی کی فراہمی بہتر ہو۔
شام میں بجلی کا شدید بحران ہے اور حکومتی بجلی ملک کے اکثر علاقوں میں دن کے صرف تین گھنٹے کے لیے دستیاب ہوتی ہے۔
عبوری حکومت کا کہنا ہے کہ وہ دو مہینے کے اندر بجلی کی فراہمی کو بہتر کرکے روزانہ آٹھ گھنٹے ترسیل کرنا چاہتی ہے۔
امریکی کی جانب سے پابندیوں میں نرمی کے بعد توانائی کی ٹرانزیکشن اور ذاتی ترسیلات زر شام بھیجنے کی 27 جولائی تک اجازت ہوگی۔