کراچی: سابق ٹیسٹ کپتان جاوید میانداد نے نجم سیٹھی کوسخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ نجم سیٹھی نے پی ایس ایل پرفکسنگ کا داغ لگایا اورخود بورڈکے چیئرمین بن گئے۔ اپنے دور کے معروف بیٹسمین اور پی سی بی کے سابق ڈی جی جاوید میانداد نے کہا کہ نجم سیٹھی میچ فکسنگ کے حوالے سے تمام شواہد موجود ہونے کا اعتراف کرچکے ہیں جبکہ فکسنگ اسکینڈل میں ملوث کھلاڑی تاحال صرف تحقیقات سے ہی گزر رہے ہیں۔جاوید میانداد کا کہنا تھا کہ نجم سیٹھی سے بھی پوچھا جائے کہ وہ سب کچھ جانتے ہیں تو اتنی تاخیر کیوں ہو رہی ہے، وہ آئین کے پیچھے نہ چھپیں، سابق کرکٹرز کی بورڈ میں نمائندگی کیلئے آئین میں ترمیم کی جائے، انہوں نے تجویز پیش کی کہ بورڈ کے تمام ریجنز کاسربراہ سابق کرکٹرز کو ہونا چاہیے، اگر ہاتھ پیر باندھ کر مجھے پی سی بی میں کوئی عہدہ دیا گیا تو ہرگز قبول نہیں کروںگا۔