نائب الملک سے عراقی وزیر پٹرولیم کی ملاقات
جدہ .... نائب خادم حرمین شریفین شہزادہ محمد بن سلمان سے جدہ میں عراقی وزیر پٹرولیم انجینیئر جبار اللعیبی نے ملاقات کی۔ انہوں نے عراقی قائدین اور عوام کی جانب سے خادم حرمین شریفین او رنائب الملک کیلئے خیر سگالی کا پیغام پہنچایا۔ عراقی حکومت کی جانب سے سعودی عرب کیلئے مزیدترقی و خوشحالی کی نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ نائب الملک نے واضح کیا کہ سعودی عرب عراق میں استحکام کا خواہاں ہے اور زندگی کے تمام شعبوں میں باہمی تعلقا ت کو فروغ دینا چاہتا ہے۔ اس موقع پر اقتصادی شعبوں میں عموماً اور توانائی کے شعبوں میں خصوصاً مشترکہ مفادات اور باہمی تعلقات کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔ بری سرحدی چوکیاں کھولنے ، براہ راست پروازوں کا سلسلہ شروع کرنے، سعودی نجی اداروں و کمپنیوں کی جانب سے عراق میں سرمایہ کاری اور تجارتی لین دین کی حوصلہ افزائی جیسے موضوعات زیر بحث آئے۔