احمد آباد۔۔۔۔کانگریس کی صدر سونیا گاندھی کے سیکریٹری احمد پٹیل نے گجرات راجیہ سبھا انتخابات میں اپنی جیت کے بعد صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ بی جے پی کو ہرہتھکنڈے اپنانے کے بعد بھی ملنے والی اس شکست سے سبق حاصل کرنا چاہئے۔ صرف طاقت کے بل پر سچ کو شکست نہیں دی جاسکتی۔ کانگریس سے پاک ہندوستان کی بات کرنے والی بی جے پی کو سمجھنا چاہئے کہ ایسا کرنے کے چکر میں کہیں ملک ، بی جے پی سے پاک نہ ہوجائے۔مسلسل پانچویں مرتبہ راجیہ سبھا رکن منتخب کئے گئے احمدپٹیل نے کہا کہ انہوں نے اپنی طویل سیاسی زندگی میں بہت سے الیکشن لڑے مگر یہ سب سے مشکل تھا۔ اس کی وجہ اس میں مرکز اور ریاست میں حکمراں بی جے پی کے ہر ہتھکنڈے اپنانا اور براہ راست انہیں نشانہ بنایا جانا تھی۔واضح رہے کہ احمد پٹیل بی جے پی کے ساتھ سخت مقابلے اور ڈرامائی واقعات کے درمیان 44ووٹ حاصل کرکے کامیاب ہوئے ہیں۔ انہوں نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ ان کی جیت نے پارٹی میں نئی جان ڈال دی ہے اور اس سے آئندہ ہونیوالے گجرات اسمبلی انتخابات میں بھی یقینی طور پر کانگریس کی ہی جیت ہوگی۔