نئی دہلی۔۔۔۔سپریم کورٹ نے میڈیکل کالجوں میں داخلہ کیلئے منعقدقومی لیاقت اور داخلہ جاتی امتحانات(نیٹ) میں الگ الگ زبانوں کیلئے مختلف سوالنامے تیار کرنے کیلئے آج سینٹرل بورڈ آف سیکنڈری ایجوکیشن ( سی بی ایس ای) کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے اگلے سیشن سے یکساں سوالنامے تیار کرنے کا حکم دیا ۔ عدالت نے سی بی ایس ای کو ایک حلف نامہ داخل کرنے کا حکم بھی دیا جس میں یہ بتایا گیاہے کہ اگلے سال سے وہ کس طرح کا انتظام کریگا۔ گزشتہ ماہ طلبہ کے ایک گروپ نے درخواست دائر کرکے الزام لگایا تھا کہ 8دیگرمقامی زبانوں میں ’’نیٹ ‘‘ کے سوالات انگلش اور ہندی کے مقابلے میں بہت مشکل تھے۔ سابقہ سماعت کے دوران سی بی ایس ای نے ان الزامات کو مسترد کردیا تھا کہ سوالنامے الگ الگ تھے۔ عدالت عظمیٰ نے سابقہ سماعت میں ان امیدواروں کے اعدادو شمار طلب کئے تھے جنہوںنے مقامی زبانوں میں نیٹ کے امتحان پاس کئے تھے۔