لندن: پاکستان نژاد باکسرعامر خان کے دوستوں نے دعویٰ کیا ہے کہ عامر اپنی اہلیہ فریال کو گزشتہ2سال سے طلاق دینا چاہتے تھے۔عامرخان اور ان کی اہلیہ فریال مخدوم علیحدگی کی خبروں کے باعث گزشتہ ایک ہفتے سے ملکی و بین الاقوامی میڈیا پر چھائے ہوئے ہیں، ہر گزرتے دن کے ساتھ دونوں کے رشتے کے حوالے سنسنی خیز انکشافات سامنے آرہے ہیں جبکہ اپنے گھریلو معاملات کو میڈیا پر اچھالنے کا سہرا بھی ان دونوں کے سر ہی جاتا ہے جو سماجی رابطوں کی ویب سائٹ کے ذریعے اپنے نجی معاملات کو پوری دنیا کے سامنے لا رہے ہیں ، دونوں کے گھریلو ڈرامے میں آنے والے اتار چڑھاوکو نہ صرف میڈیا شائع کررہا ہے بلکہ لوگ بھی اس میں بھرپور دلچسپی لے رہے ہیں۔ بین الاقوامی میڈیا کے مطابق عامر خان کے دوستوں نے دعویٰ کیا ہے کہ عامر خان اپنی اہلیہ سے بے حد تنگ تھے اور گزشتہ دوسال سے انہیں طلاق دینا چاہتے تھے۔ عامر کاکہنا تھا کہ وہ گھر میں نہیں بلکہ جہنم میں رہتے ہیں، وہ اپنی شادی سے اتنے دلبرداشتہ تھے کہ انہوں نے شراب نوشی بھی شروع کردی تھی جبکہ فریال کا کہنا تھا کہ عامرانہیں خواب میں بھی طلاق نہیں دے سکتے کیونکہ ان کے پاس عامر کے خلاف ایسا مواد موجود ہے جو ان کی شناخت کو تباہ کرسکتا ہے۔ایک پارٹی میں دوستوں کے سامنے فریال نے اپنے شوہر کو دھمکی دی تھی کہ اگر عامر نے انہیں طلاق دی تو وہ اپنا پیسہ، شہرت اور مداحوں کی محبت سمیت سب کچھ کھو دیں گے۔واضح رہے کہ چند روز قبل عامرخان نے ٹویٹر پر اپنی اہلیہ سے علیحدگی اختیار کرنے کا علان کرتے ہوئے کہا تھا کہ ہم دونوں نے ایک دوسرے سے علیحدہ ہونے کا فیصلہ کرلیا ہے جبکہ انہوں نے فریال کیلئے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا تھا۔