کراچی ...لاڑکانہ کیڈ ٹ کالج کے طالبعلم محمد احمد امریکہ سے 4ماہ کے علاج کے بعد وطن واپس پہنچ گئے۔ گزشتہ شب کراچی ایئرپورٹ پر انکا شاندار استقبال کیا گیا۔ رشتہ داروں اور دوستوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔ اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے محمد احمد نے کہا کہ 14اگست کی رات وطن واپسی پر انتہائی خوشی ہے۔ انہوں نے کہا کہ میرا صرف یہی پیغام ہے کہ اساتذہ ، طلباءپر تشدد نہ کریں بلکہ انکی تربیت پیار و محبت کی جائے تاکہ وہ ملک کانام روشن کرسکیں۔اس موقع پر محمد احمد کے والد نے کہا کہ وزیراعلیٰ سندھ کے ہم مشکور ہیں جنہوں نے میرے بیٹے کے علاج کیلئے اقدامات کئے۔ واضح رہے کہ لاڑکانہ کیڈ ٹ کالج میں محمد احمد اساتذہ کے مبینہ تشدد سے اپنے حواس کھو بیٹھا تھا۔ اسکے گلے کی ہڈی ٹوٹ گئی تھی جس کے باعث بولنے کی صلاحیت سے محروم اور دماغی طور پر مفلوج ہوگیاتھا۔