طائف .... طائف پولیس نے واضح کیا ہے کہ یہاں العقیق محلے میں مقیم ایک پاکستانی بچی کو اغوا کرکے اسکے ساتھ زیادتی کی گئی۔ واردات کے بعد بچی کو اسکے مکان کے قریب پھینک دیا گیا تھا۔ بے ہوش پڑی ہوئی تھی۔ پڑوسی نے اسکی اطلاع گھر والوں کو دیدی تھی۔ تفصیلات کے مطابق 7سالہ پاکستانی بچی کے ماموں کا کہناہے کہ اسکی بھانجی طائف کے العقیق محلے میں اپنے اہل خانہ کے ساتھ مقیم تھی۔ اس نے منگل کو اپنی والدہ سے بقالے سے سامان لانے کیلئے چند ریال طلب کئے۔ ماں نے منع کیا ،ضد پر اسے پیسے دیدیئے۔ ایک گھنٹے تک واپس نہ آنے پر ماں پریشان ہوگئی۔ اسی دوران ایک پڑوسی نے آکر اطلاع دی کہ انکی بچی گھر کے قریب بے ہوش پڑی ہے۔ فوراً ہی اسے کنگ عبدالعزیز اسپیشلسٹ اسپتال لیجایا گیا۔ آپریشن کیا گیا ،کئی گھنٹے تک اسکا سلسلہ جاری رہا۔ السلامہ پولیس اسٹیشن کا کہناہے کہ بچی کے ماموں کا بیان ریکارڈ کرلیا گیا ہے۔ بچی ہوش میں آنے پر خوفزدہ لگ رہی تھی اور کچھ بھی بیان دینے کی پوزیشن میں نہیں تھی۔ ایک ڈاکٹر نے اپنے بیان میں کہا کہ لڑکی اغوا کے بعد زیادتی کا شکار ہوئی ہے۔ پولیس نے واردات کرنے والوں کی تلاش شروع کردی ہے۔