نئی دہلی۔۔۔۔کانگریس کے سینیئر لیڈر غلام نبی آزاد نے لال قلعہ سے جشن آزادی کے موقع پر وزیر اعظم نریندر مودی کے خطاب کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ وہ عوام کو ’’بیوقوف ‘‘بنانے کی کوشش کررہے ہیں۔ آزاد نے پارٹی کے صدر دفتر میں صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ نریندر مودی حکومت لوگوںکی 10فیصد توقعات پر بھی نہیں اتر پائی۔ وزیر اعظم گزشتہ ساڑھے 3سال کے دوران کئے گئے وعدوں کو پورا کرنے میں ناکام رہے اس لئے اپنے خطاب میں کوئی نیا وعدہ نہیں کیا۔ غلام نبی آزاد نے کہا کہ وزیر اعظم کے وعدوں کا پٹارہ ختم ہوگیا ہے۔نوٹ بندی کے حوالے سے کانگریس رہنما نے مودی کے بیان پر شک کا اظہار کیااور کہا کہ نوٹ بندی اور کالے دھن کے حوالے سے جو اعدادو شمار پیش کئے گئے ہیں وہ محض عوام کو بیوقوف بنانے کی کوشش ہے۔آزاد نے کہا کہ وزیر اعظم نے خطاب میں خواتین کو بااختیار بنانے پر بھی زوردیا لیکن حقیقت یہ ہے کہ گزشتہ ساڑھے3 برسوں کے دوران ملک میں خواتین غیر محفوظ ہیں۔ چندی گڑھ میں ایک لڑکی کا تعاقب اور ہراساں کرنے کے واقعہ کا ذکرکرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بی جے پی کے ریاستی صدر کے بیٹے ہی خواتین کیلئے خطرہ بنے ہوئے ہیں۔ بی جے پی کو اپنی ریاستی حکومتوں پر توجہ دینی چاہئے۔