’’بگ باس 10‘‘کے بابا سوامی اوم پر 10لاکھ روپے کا جرمانہ
نئی دہلی----- سپریم کورٹ نے جمعرات کو ٹی وی شو بگ باس 10سے مشہور ہوئے خود ساختہ بابا سوامی اوم پر 10لاکھ روپے کا جرمانہ کر دیا ہے۔ سوامی اوم نے جسٹس دیپک مشرا کو سپریم کورٹ کا چیف جسٹس نامزد کرنے کیخلاف پٹیشن دائر کی تھی جس کو عدالت عظمیٰ کی بنچ نے خارج کر دیا تھا لیکن بگ باس کے اس ہیرو کے اقدام کو اوچھی حرکت قرار دیکر اس پر مقدمہ قائم کیا گیا تھا۔ سپریم کورٹ نے جمعرات کو اس مقدمے میں ہی بابا سوامی اوم پر مذکورہ بھاری جرمانہ کیا ہے۔ ریئلٹی شو بگ باس میں بھی متنازعہ کردار بننے کی وجہ سے اوم پرکاش کو علیحدہ کر دیا گیا تھا۔ گزشتہ روز جب سپریم کورٹ نے طلاق ثلاثہ پر اپنا فیصلہ صادر کیا تو بابا سوامی اوم عدالت کے احاطے میں اخباری نمائندو ں سے بات چیت کرتے ہوئے فیصلے کی مخالفت کر رہے تھے جس پر وہاں موجود لوگوں نے انکی اور ان کے ایک ساتھی کی پٹائی کر دی تھی۔ سپریم کورٹ نے فیصلہ سناتے ہوئے کہا کہ خود ساختہ بابا سوامی اوم کو اس بات کا حق حاصل نہیں کہ وہ سپریم کورٹ کالجیم کے فیصلے پر کسی بھی طرح کی تنقید کریں۔ عدالت عظمیٰ نے یہ بھی واضح کر دیا کہ سوامی اوم خود کو قانون کے دائرے میں رکھنے کی کوشش کریں اور جس طرح وہ ملک کے قانون اور عدلیہ پر اکثر و بیشتر تنقید کرتے رہتے ہیں اس سے بھی گریز کریں۔ سوامی اوم اپنے بیانات کو لے کر ہی متنازعہ شخصیت نہیں بلکہ ان پر چوری جیسے الزامات بھی لگے ہیں جو ان کے ایک رشتہ دار نے ہی ان پر مقدمہ کر کے الزام لگایا تھا جس کے لئے انہیں جیل بھی جانا پڑا تھا۔