جے پور۔۔۔۔راجستھان پولیس نے جودھپور میں غیر ملکی سیاحوں کے ساتھ سیلفی لینے کے بہانے ان کا پرس چرانے والی خاتون کو گرفتار کرلیا۔ منڈورتھانہ انچارج مکتا پاریکھ نے بتایا کہ ہسپانوی سیاح فرانسسکوزیویرا اپنی بیوی اور بیٹے کے ساتھ گزشتہ روز منڈورگھومنے آئے تھے۔ وہاں پارک میں ایک لڑکی نے ان کے ساتھ سیلفی بنوانے کے دوران ان کی جیب سے پرس چرا لیا اور وہاں سے فرار ہوگئی۔ اس پر س میں 740یورو(55ہزار روپے) پاسپورٹ اور دیگر دستاویزات موجود تھے۔ سیاح نے اپنی رپورٹ میں ایک لڑکی کی جانب سے سیلفی لینے کے بہانے پرس چوری کرنے کا شبہ ظاہر کیا تھا اور سیلفی بھی پولیس کے حوالے کی تھی۔ پولیس نے علاقے میں تلاش شروع کردی اور اس سیلفی میں موجود لڑکی سے ملتی جلتی عورت منڈور گارڈن میںگھومتی پھرتی نظر آئی جسے پولیس نے حراست میں لے لیا۔ تفتیش کے دوران لڑکی نے اپنا جرم قبول کرلیا۔ پولیس نے 740یورو، پاسپورٹ اور دیگر دستاویزات سیاح کے سپر د کردیئے۔