نندیال اسمبلی حلقہ میں تلگو دیشم کامیاب ہو گی ، وزیراعلیٰ آندھرا
حیدرآباد------آندھراپردیش کے وزیراعلیٰ و تلگودیشم پارٹی کے قومی صدر چندرابابونائیڈو نے اس یقین کا اظہار کیا ہے کہ کرنول ضلع کے نندیال اسمبلی حلقہ کے ضمنی انتخاب میں تلگودیشم شاندار کامیابی حاصل کرے گی ۔2 دن پہلے اس حلقہ کا ضمنی انتخاب ہوا تھا۔انہوں نے ریاست کے دارالحکومت امراوتی میں کاکناڈاکارپوریشن کے بوتھ سطح کی کمیٹیوں کے ارکان کے ساتھ ویڈیو کانفرنس منعقد کی۔ اس موقع پرانہوں نے کہاکہ جس طرح نندیال اسمبلی کے ضمنی انتخاب میں جوش وخروش کا مظاہر ہ کیا گیا تھا، اس کا اعادہ کاکناڈا کے کارپویشن کے انتخابات میں بھی ہونا چاہئے۔انہوں نے کہاکہ نندیال میں تلگودیشم بھاری اکثریت سے کامیاب ہوگی اور یہ بات سروے میں واضح ہوچکی ہے۔انہوں نے ہدایت دی کہ کاکناڈا کے کارپوریشن کے انتخابات میں پارٹی کے تمام لیڈران متحد ہوکر مقابلہ کریں اور تلگودیشم کی حلیف جماعت بی جے پی کے امیدواروں کی کامیابی کیلئے بھی مساعی کی جائے۔انہوں نے کہاکہ اس کارپوریشن کے انتخابات کی تشہیر کیلئے 3 دن رہ گئے ہیں۔انہوں نے کہاکہ علاقہ واری طورپر تشہیر پرتوجہ دی جائے اور ریاست میں گزشتہ3 سال کے دوران ہوئی ترقی کی تفصیلات کوعوام کے سامنے لایاجائے۔