مکہ مکرمہ.... وزیر حج و عمرہ ڈاکٹر محمد صالح بنتن نے کہا ہے کہ خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود کی قیادت میں ضیوف الرحمان کو ہر قسم کی سہولت فراہم کرنے کےلئے کوشاں ہیں ۔ وہ مکہ مکرمہ میں منعقدہ 42 ویں حج کانفرنس کے افتتاحی اجلاس سے خطاب کر رہے تھے ۔ کانفرنس کا عنوان " حج امن و سلامتی کا پلیٹ فارم ہے جو رب کریم کی مقدس سرزمین سے جاری ہوا" کے تحت شروع ہوئی ۔ کانفرنس میں دنیا بھر سے ماہرین علوم، دانشور اور ادیب شرکت کر رہے ہیں ۔ وزیر حج نے افتتاحی خطاب میں مزید کہا کہ کانفرنس کا انعقاد اس امر کی دلیل ہے کہ خادم حرمین شریفین اور ولی عہد مملکت ضیوف الرحمان کو ہر ممکن سہولت فراہم کرنے کےلئے کوشاں ہیں ۔ دنیا بھر سے علماءاور دانشوروں کو اس پلیٹ فارم پر مدعو کرنے کامقصد اسلام کی درست عکاسی کرنا اور اسلام کا صحیح پیغام دنیا تک پہنچانا ہے ۔ انہو ںنے مزید کہا کہ سعودی عرب کی قیادت ہمیشہ سے اعتدال اور میانہ روی کی قائل ہے جو اسلام کا بنیادی اور زریں اصول ہے ۔ وزیر حج نے مزید کہا کانفرنس میں حج کے بنیادی پیغام پر توجہ مرکوز کی جائےگی تاکہ حج کا اصل مقصد اجاگر ہو سکے ۔ حج امن و اخوت اور بھائی چارگی کا درس دیتا ہے جس پر سعودی عرب کی حکومت مستقل مزاجی سے کارفرما ہے ۔ وزیر حج نے سعودی اعلیٰ قیادت کی جانب سے مختلف ادوار میں ضیوف الرحمان کی حفاظت اور انہیں سہولتوں کی فراہمی کا جائزہ لیتے ہوئے کہا کہ مملکت نے ہمیشہ حج کے اصل مفہوم کی ترجمانی کی ہے ۔ ہم ضیوف الرحمان کو ہر ممکن سہولت فراہم کرنے کےلئے کوشاں ہیں اور دعا گو ہیں کہ رب کریم حج قبول فرمائے اور وہ آرام و سکون سے فریضہ ادا کریں ۔ وزیر حج نے کانفرنس کے افتتاح کے بعد اخبار نویسوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا سعودی عرب امن و سلامتی کا ملک ہے اس سرزمین سے دنیا بھر کےلئے مبارک پیغام جاری ہوا ۔بعدازاں کروشیا کے مفتی عزیز حسانو نے اپنے خطاب میں حج کانفرنس کے انعقاد کو سراہتے ہوئے کہاکہ مملکت میں حج سیزن کے دوران اس طرح کی کانفرنس کا انعقاد مثالی اقدام ہے جس کے ذریعے دنیا بھر سے آنے والے علماءاور مفکرینِ اسلام کا اصل پیغام لیکر جائیں گے جنہیں وہ اپنے ممالک کے عوام تک پہنچائیں گے ۔ انہوں نے مزید کہاکہ کانفرنس کے ذریعے ہم خادم الحرمین الشریفین اور ولی عہد مملکت کے شکرگزار ہیں کہ انہوں نے ضیو ف الرحمان کو مثالی سہولتیں ہی فراہم نہیں کیں بلکہ دنیا بھر میں اسلام اور مسلمانوں کی مثالی خدمت بھی کی ہے ۔ کانفرنس سے حرم شریف کے امام و خطیب شیخ ڈاکٹر عبدالرحمان السدیس نے بھی خطاب کیا اور شرکاءکوارض مقدس آمد پر خوش آمدید کہا ۔