اسلام آباد...قومی اسمبلی نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے دھمکی آمیز بیان کے خلاف قرارداد منظور کرلی۔وزیر خارجہ خواجہ آصف نے ٹرمپ کے بیان اور جنوبی ایشیا سے متعلق نئی پالیسی پر مذمتی قرارداد پیش کی جسے ایوان نے متفقہ طور پر منظور کرلیا۔قرارداد میں کہا گیا کہ پاکستان کی افواج نے دہشتگردی کے خلاف جنگ میںقربانیاں دیں۔حکومت کے موثر اقدامات سے ملک میں دہشتگردی کم ہوئی ہے۔ ا مریکی جنگ سے پاکستان کی معیشت کو اربوں ڈالر کا نقصان پہنچا۔ امریکی صدر ٹرمپ اور جنرل نکلسن کے بیان دھمکی آمیز ہیں۔ قومی اسمبلی امریکی پالیسی مسترد کرتی ہے۔ ایوان کوئٹہ اور پشاور میں طالبان کی موجودگی کادعوی بھی مسترد کرتا ہے۔ پوری قوم اس وقت ایک پیج پر ہے۔ دریں اثناء وزیر خارجہ خواجہ آصف نے قومی اسمبلی میں خطا ب کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف سب سے زیادہ قربانیاں دی ہیں، امر یکہ ہماری قربانیوں کا اعتراف کرے۔ ہمارا شروع دن سے موقف ہے کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ہماری قربانیوں کو تسلیم کیا اورا سے عالمی سطح پر اجاگر کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ فیصلہ کیا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پیسوں کا تذکرہ نہیں کیا جائے گا۔