Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

لاکھوں فرزندان اسلام آج وقوف عرفہ ادا کرینگے

منی.... لاکھوں فرزندان اسلام نے بدھ کو منیٰ میں یوم الترویہ سکون واطمینان اور عبادات ومناجات میں گزارا جبکہ آج جمعرات حج کا رکنِ اعظم وقوف عرفہ ادا کریں گے۔ عازمین حج ظہر اور عصر کی نمازیں ایک اذان اور2اقامتوں کے ساتھ 2،2 رکعت قصر تقدیم مسجد نمرہ میں پڑھیں گے اور خطبہ حج سنیں گے۔ عرفات میں حجاج کے استقبال کی تیاریاں مکمل ہوگئیں ۔ گورنر مکہ مکرمہ شہزادہ خالد الفیصل حج انتظامات کی نگرانی کے لئے منیٰ پہنچ گئے۔تفصیلات کے مطابق بیرون ملک سے آنے والے 17لاکھ 52 ہزار 14 عازمین کے قافلے منگل اور بدھ کی درمیانی شب سے مکہ مکرمہ سے منیٰ منتقل ہوگئے ۔ اندرون ملک سے حج کی سعادت حاصل کرنے والے لاکھوںعازمین کے قافلے مکہ مکرمہ، مدینہ منورہ اور جدہ کے علاوہ دیگر شہروں سے دن بھر منیٰ آتے رہے۔ منیٰ میں آنے والے عازمین دن بھر جمرات پل کا جائزہ لیتے رہے۔ جمرات پل انتظامیہ نے ہر سال کی طرح امسال بھی اعلان کیا ہے کہ حجاج کرام کو سامان سمیت پل تک جانے کی اجازت نہیں ہوگی۔ حج منصوبے کے مطابق حجاج مزدلفہ سے منیٰ آکر پہلے اپنے خیموںمیں جائیں گے جہاں وہ اپنا سامان رکھیں گے پھر طے شدہ پروگرام کے مطابق اپنے طے شدہ وقت پر رمی کےلئے نکلیں گے۔ جمرات پل کی انتظامیہ نے رمی جمرات کے لئے جدول بھی جاری کردیا ۔حج مشنوں کو ہدایت کی گئی کہ وہ اسکے مطابق اپنے عازمین کو رمی کے لئے روانہ کریں ۔ حج انتظامیہ نے عازمین کی سہولت کےلئے تمام کیمپوں میں ٹی وی اسکرین نصب کردی جہاں وہ جمرات کی رمی براہ راست دیکھ سکیں گے۔محکمہ ٹریفک اہلکاروں نے بہترین کارکردگی کا مظاہر ہ کرتے ہوئے ٹریفک کی روانی بحال رکھی ۔ حج کے دوسرے اہم ترین مرحلے میں عازمین وقوف عرفہ کےلئے جائیں گے اور وہاں سے روانگی اور مزدلفہ میں قیام ہو گا ۔ غیر قانونی عازمین کی روک تھام کے لئے امن عامہ اور دیگر متعلقہ اداروں نے کافی پہلے سے انتظامات کر رکھے تھے۔ یہی وجہ ہے کہ امسال غیر قانونی طور پر حج کرنے والوں میں نمایاں کمی آئی ہے ۔ محکمہ پاسپورٹ نے حج قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کارروائی کا بھی آغاز کردیا ۔   دوسری طرف وزرات صحت کے ذمہ داروں کا کہنا ہے کہ امسال عازمین حج میں کسی قسم کی وبائی بیماری نہیں پائی گئی ۔ وزارت ضیوف الرحمان کی ہر طرح سے خدمت جاری رکھے گی ۔ محکمہ شہری دفاع کے اہلکاروں نے بتایا کہ انکے ادارے کی جانب سے حجاج کرام کی سلامتی کےلئے جملہ انتظامات کئے گئے ہیں ۔اضافی عملہ اور موٹر سائیکل سوار اہلکار بھی مختلف مقامات پر موجود ہیں جو کسی بھی ہنگامی حالت سے نمٹنے کےلئے ہمہ وقت مستعد ہیں ۔ 

شیئر: