مملکت کے امن واستحکام کے لئے ہر قسم کی قربانی دیں گے، شاہ سلمان
منی: خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبد العزیز نے کہا ہے کہ سعودی عرب اپنے امن استحکام کی حفاظت کے لئے ہر قسم کی قربانی دینے کے لئے تیار ہے۔ عسکری شعبوں سے وابستہ افراد اس ملک اور اس کے مقدس مقامات کی حفاظت کے امین ہیں اور اس مقصد کے حصول کے لئے قربانیاں دے رہے ہیں۔ یہ قربانیاں ان کے اخلاص، ایمان اور حب الوطنی کی دلیل ہے۔وہ منی میں عسکریوں شعبوں کے سربراہوں ، حج مشنوں کے ذمہ داروں، وزراء، علماء ، مشائخ اور شاہی خاندان کے افراد سے خطاب کر رہے تھے ۔ شاہ سلمان کو عید مبارکباد پیش کرنے والوں کی استقبالیہ تقریب سے خطاب کے دوران شاہ سلمان نے کہا کہ سعودی عرب کے فرمانروا کے لئے خادم حرمین شریفین کا خطاب اعزاز کی بات ہے۔انہوں نے عسکری شعبوں سے وابستہ اہلکاروں کو خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حجاج کرام کی خدمت کے لئے آپ کی خدمات ناقابل فراموش ہیں۔ آپ کی خدمات اس ملک کی انسانیت نوازی کی عکاسی کرتی ہیں۔ ہم اللہ تعالی کا شکر ادا کرتے ہیں کہ جس نے اس ملک کو حاجیوں کی خدمت کا شرف بخشا اور امن وامان اور استحکام کی نعمت سے نوازا۔انہوں نے ملک کی سرحدوں کی حفاظت کے لئے جان دینے والے شہداء کے لئے بلندی درجات کی دعا کی۔