بہار میں بی جے پی اور نتیش کی قلعی کھل گئی، کانگریس
نئی دہلی۔۔۔۔کانگریس نے الزام لگایا کہ بہار میں پارٹی کو توڑنے کی کوشش ہوئی تھی اور اس سے بی جے پی اور ریاست کے وزیر اعلیٰ نتیش کمار کے موقع پرست ہونے کی قلعی کھل گئی ہے۔ کانگریس کے سینیئر ترجمان آنند شرما نے ایک پریس کانفرنس میں سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ بہار میں پارٹی کے سبھی رہنما مل کر کام کررہے ہیں۔ بی جے پی اور جے ڈی یو کے رہنما اور وزیر اعلیٰ نتیش کمار نے پارٹی کو توڑنے کی کوشش کی تھی تاہم ان کی کوشش ناکام ہوگئی۔ واضح رہے کہ کانگریس میں ٹوٹ پھوٹ کی قیاس آرائیوں کے درمیان پارٹی کے ریاستی صدر اشوک چودھری اور قانون ساز پارٹی کے رہنما سدانند سنگھ نے پارٹی صدر سونیا گاندھی سے ملاقات کی۔ اس دوران پارٹی کے سینیئر رہنما علام نبی آزاد اور بہار کے انچارج جنرل سکریٹری ڈاکٹر سی پی جوشی بھی موجود تھے۔ جوشی نے کہا کہ ریاست میں کانگریس پارٹی متحدہے اور اسے کسی قسم کا کوئی خطرہ لاحق نہیں۔