آواز دیجئے ، ریفریجریٹر خود چل کر آئیگا
ٹوکیو .... یہ کہاوت تو آپ نے سنی ہوگی کہ پیاسا کنویں کے پاس آتا ہے لیکن یہاں الٹی گنگا بہہ رہی ہے کہ اب کنواں پیاسے کے پاس آئیگا۔ یہ کس طرح ہوگا ؟ ہم آپ کو بتاتے ہیں۔ پیناسونک نے ایک ایسا روبو ریفریجریٹر تیار کیا ہے جب آپ اسے آواز دیں تو وہ آپ کے پاس کھنچا چلا آئیگا۔ اس کے بعد آپ اسے کھولیں اور پانی پی لیں۔یہی نہیں بلکہ یہ ریفریجریٹر آپ کے گندی پلیٹیں بھی دھوئے گا۔ اسے جرمن شہر برلن میں ایک کانفرنس میں پیش کیا گیا ہے۔ یہ روبو ریفریجریٹر آپ کے کچن کا حدود اربعہ یاد کرلیتا ہے اور پھر اپنی راہ میں آنے والی غیر متوقع چیزوں سے بچتا ہوا چلتاچلا جاتا ہے۔ اس میں آپ کھانا بھی اسٹور کرسکتے ہیں۔ یہ ریفریجریٹر گندی پلیٹیں ڈش واشر کے حوالے کرتا ہے۔ پیناسونک کمپنی کے ترجمان کا کہناہے کہ 5سے 6برسوں میں یہ مارکیٹ میں آجائیگا۔ ابھی اسکا ایک نمونہ تیار کیا گیا ہے۔ اسے مستقبل کا ریفریجریٹر کہا جائیگا۔