ملک کو اچھے دنوں کا انتظار
ممبئی۔۔۔۔شیو سینا نے بی جے پی اور نریندر مودی حکومت پر طنز کرتے ہوئے کہا کہ 3برس بیت گئے مرکزی کابینہ میں تجربوں کا سلسلہ جاری ہے جبکہ ملک کے عوام اچھے دن کے (چمتکار) کا انتظار کررہے ہیں۔ شیوسینا کے اخبار سامنا کے اداریے میں کہا گیا ہے کہ وزیر اعظم نریندر مودی کے چین کے دورے سےپہلے کابینہ میں ردوبدل کے بارے میں تمام باتیں کہی گئی ہیں جبکہ اب تک یہ سمجھ نہیں آیا کہ ردو بدل کا چین کے دورے سے کیا تعلق؟یہ کام وزیر اعظم کی ملک واپسی کے بعد بھی ہوسکتا تھا۔ اداریہ میں تحریرکیا گیا ہے کہ لوک سبھا انتخابات 2019میں ہونیوالے ہیں اور یہ اسی کاپیش خیمہ ہے۔ ان دنوں الیکشن جیتنے اور حکومت بنانے کی سیاست چل رہی ہے ، اسی کے مطابق مودی اور امیت شاہ جسے چاہتے ہیں وزیر بنارہے ہیں۔