شہید کی بیٹی کے غم میں غمگین ہوئے گوتم
نئی دہلی۔۔۔۔ گزشتہ دنوں جموں کشمیر کے اننت ناگ میں عسکریت پسندوں کے ساتھ جھڑپ میں ہلاک ہونیوالے عبدالرشید کو پورے اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کردیا گیا تاہم اس دوران دلوں کو اندر سے رولا دینے والی ایک تصویر نے کرکٹر گوتم گمبھیر کو بھی گمبھیر کردیا۔دراصل جب سب انسپکٹر عبدالرشید کو سپر دخاک کیا جارہا تھا تو ان کی چھوٹی بیٹی زہرہ کے پھوٹ پھوٹ کر رونے اور بلکنے کی تصویریں سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئیں جو ہر دردمند دل رکھنے والوں کو رولا دینے والی ہیں۔کرکٹر گوتم گمبھیر نے زہرہ کی اسی تصویر کو اپنے ٹویٹر ہینڈل پر پوسٹ کرکے ہمدردی کا اظہارکیا ۔گوتم گمبھیر نے اپنے ٹویٹ میں لکھا کہ ’’زہرہ تم اپنے ان آنسوؤں کے قطروں کو زمین پر مت گرنے دو ،ممکن ہے مادروطن کی مٹی اس درد کے بوجھ کو نہ اٹھا پائے، ہم تمہارے والد کی قربانی کو سلام پیش کرتے ہیں‘‘۔ گمبھیر نے اپنے پہلے ٹویٹ میں زہرہ کی پڑھائی کا پورا خرچ اٹھانے کا اعلان کرتے ہوئے لکھتے ہیں کہ ’’ہم تمہیں لوریاں نہیں سنا سکتے بلکہ تمہاری مدد کرینگے تاکہ تم اپنے خوابوں کی تعبیرپاسکو،ہم تمہاری پڑھائی کا سارا خرچ اٹھائیں گے۔