Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

حج انتظامات پرسعودی حکومت مبارکباد کی مستحق ہے،عبدالمالک مجاہد

ریاض..... خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور انکی پوری ٹیم بہترین حج انتظامات پر مبارک باد کی مستحق ہے ۔ یہ بات مرکزی جمعیت اہلحدیث سعودی عرب کے امیر مولانا عبد المالک مجاہد نے اپنے پیغام میں کہی ۔ انہو ںنے مزید کہا کہ حجاج کرام کےلئے مناسک حج کی ادائیگی کے بہترین انتظامات پر حکومت کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔انہوں نے وطن عزیز سے آنےوالے حجاج کرام کو بھی دلی مبارک باد پیش کی۔اس موقع پر پاکستانی حج مشن اور سفارتی عملے نے جس خوبصورتی سے اپنی ذمہ داری نبھائی وہ بھی قابل تعریف ہے ۔عبد المالک مجاہد نے اپنے بیان میں مزید کہا ہے کہ اس مرتبہ ان کے3 بیٹے اور ایک بہو مناسک حج ادا کرنے والوں میں شامل تھے۔ وہ بے حد خوش اور مطمئن ہو کر واپس لوٹے ہیں اور حج کے بہترین انتظامات پر پاکستانی کمیونٹی کی طرف سے خادم حرمین شریفین کا شکریہ ادا کررہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ اس مرتبہ مقامات مقدسہ کے آنے جانے والے راستوں میں اور پرہجوم مقامات پر کسی بھی نا خوشگوار صورتحال سے بچنے کےلئے عام سپاہیوں کی جگہ اعلیٰ افسران خود ڈیوٹی دے رہے تھے اور بڑے احسن طریقے سے لوگوں کی رہنمائی کررہے تھے۔حج کے اس عظیم موقع پر وہ تمام حاجی صاحبان بھی شاباش کے مستحق ہیں جنہوں نے انتظامیہ کی ہدایات پر پوری طرح عمل کیا اور ان کے بھرپور تعاون کے باعث کوئی بھی حادثہ یا نا خوشگوار واقعہ پیش نہیں آیا۔منیٰ، مزدلفہ اور عرفات کے درمیان نقل وحمل کےلئے ٹرینوں کے علاوہ بسوں کا بھی منظم نیٹ ورک خدمات انجام دے رہا تھا۔ دنیا بھر کے مختلف ممالک سے آئے ہوئے حجاج کرام نے اپنے تاثرات میں گہرے اطمینان اور خوشی کا اظہار کیا اور حکومت کے عمدہ انتظامات کو سراہا۔بیان کے آخر میں انہوں نے خادم حرمین شریفین اور مملکت کے تمام ذمہ داروں کےلئے دعا کی ہے کہ اللہ تعالیٰ انہیں اسی طرح ضیوف الرحمن کی بہتر سے بہتر خدمت کی توفیق عطا فرماتا رہے تاکہ عالم اسلام کے اس اہم ترین اجتماع کا انعقاد امن وسلامتی کے ماحول میں ہو اور تمام مہمانان گرامی آئندہ بھی آسانی اور سہولت کے ساتھ مناسک حج ادا کر سکیں،آمین۔
 

شیئر: