قطر کے واضح موقف کے اعلان تک مذاکرات مسترد ہیں، سعودی عرب
ریاض: سعودی وزارت خارجہ نے اعلامیہ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ خلیجی بحران کے حل کے متعلق قطری نیوز ایجنسی میںجو کچھ شائع ہو رہا ہے وہ بے بنیاد ہے۔ قطری نیوز ایجنسی حقائق کو توڑ مروڑ کر پیش کر رہی ہے۔ اس سے ثابت ہوتا ہے کہ قطری انتظامیہ کو ابھی تک یہ اندازہ نہیں ہوا کہ سعودی عرب حقائق اور معاہدوں کے متعلق کوئی لچک نہیں دکھائے گا۔ قطری نیوز ایجنسی نے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے امیر قطر شیخ تمیم کے ٹیلیفونک رابطے کے متعلق جو کچھ شائع کیا ہے وہ حقیقت پر مبنی نہیں۔ دونوں رہنماؤں کا ٹیلیفونک رابطہ ہوا ہے اور یہ رابطہ قطری انتظامیہ کے مطالبے پر کیا گیا ۔ اس کی طرف سے پیغام ملا ہے کہ وہ چاروں عرب ممالک کے ساتھ مطالبات کے متعلق مذاکرات کے لئے تیار ہے تاہم ٹیلیفونک رابطہ کے متعلق مبالغہ سے کام لیا گیا ہے۔ اس سے صاف معلوم ہوتا ہے کہ قطر مذاکرات کے متعلق سنجیدہ نہیں۔وہ اپنے سابقہ روش پر قائم ہے۔ سعودی عرب اس طرح کے ہر قسم کے مذاکرات کو مسترد کرتا ہے جب تک قطری انتظامیہ کی طرف سے واضح موقف کا اعلان نہیں ہوتا نیز اس کی طرف سے جاری ہونے والے بیانات اس کے عمل سے ہم آہنگ ہوں۔ سعودی عرب نے زور دے کر کہا ہے کہ قطری انتظامیہ کی طرف سے غیر واضح روش باہم اعتماد کی فضا قائم کرنے میں رکاوٹ ہے۔