لندن ...چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل زبیر محمود حیات نے کہا ہے کہ کشمیر میں مظالم ناقابل قبول ہیں۔ دنیا کو کشمیر کے ساتھ انصاف کرنا ہوگا۔لندن میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوںنے کہا کہ نہتے اور بے گناہ کشمیریوں پر پیلیٹ گن کا استعمال کرکے بے جا خون بہایا جا رہا مسئلہ کشمیر پرآنکھیں بند نہیں کی جا سکتیں۔ کشمیر سے توجہ ہٹانے کے لئے ہند ایل او سی پر جارحیت کر کے عام شہریوں کو نشانہ بنا رہا ہے جس کے ثبوت موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ غیر ملکی فورسز کی تعیناتی سے افغانستان میں امن قائم نہیں ہو سکتا ہے۔ مذاکرات کے ذریعے ہی حل ممکن ہے جنگ سے نہیں۔ پر امن افغانستان پاکستان کے بہترین مفاد میں ہے۔انہوںنے کہاکہ پاک فوج نے دہشتگردی کیخلاف سب سے بڑی جنگ لڑی ہے جس میں پاکستانی عوام نے بھرپور مدد کی۔