اسلام آباد...وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ پاک فضائیہ دہشت گردی کے ناسور کے خاتمے کے لئے اہم کردار ادا کررہی ہے۔ وزیر اعظم نے ہفتے کو پاک فضائیہ کے آپریشنل بیس کا دورہ کیا ۔ ا یئرچیف مارشل سہیل امان نے استقبال کیا۔ نئے تعمیر شدہ ایئر پاور سینٹر آف ایکسی لینس کا بھی دورہ کیا۔ فوجی مشقوں کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ ایئر پاور سینٹر آف ایکسی لینس جدید ترین آلات سے لیس ادارہ ہے جو آئندہ ماہ کثیر الملکی فوجی مشقوں کی میزبانی کرے گا۔ مشقوں میں 19ممالک کے فضائی دستے شرکت کریں گے۔ اس موقع پر وزیر اعظم نے پاک فضائیہ کو جدید خطوط پر استوار کرنے پر اطمینان کا اظہار کیا۔ پاک فضائیہ دنیا کی جدید ترین فضائیہ میں شامل ہے۔ شاہد خاقان نے کہا کہ پاک فضائیہ فضائی حدود کی محافظ ہے۔انہوں نے پاک فضائیہ کے عزم و حوصلے کو سراہا اور فضائیہ کی آپریشنل تیاریوں پر اظہار اطمینان کیا۔ترجمان پاک فضائیہ کے مطابق وزیر اعظم نے ایف16 میں بیٹھ کر فوجی مشقوں کا جائزہ لیا۔ ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ کسی وزیر اعظم نے جنگی طیارے میں بیٹھ کر فوجی مشقوں میں شرکت کی ہے۔